Type Here to Get Search Results !

کیا آپ کی تراویح کا نذرانہ حلال ہے؟


کیا آپ کی تراویح کا نذرانہ حلال ہے؟
◆ــــــــــــــــــــ۩۞۩ـــــــــــــــــــــ◆
رمضان المبارک کے مہینے میں جہاں بہت ساری برائیاں عوام کرتی ہے، وہیں خواص بھی کئی برائیوں کے مرتکب ہوتے ہیں، مثلاً: فرضی رسیدوں سے چندے، غلط سلط کلام پاک سنانا، تراویح کا کھیل بنانا وغیرہ، انہیں میں ایک مسئلہ تراویح کے نذرانے کا ہے، جو حضرات دوسری جگہ قرآن شریف سنانے جاتے ہیں اور کلام پاک سنانے کا نذرانہ متعین کرتے ہیں، وہ لوگ ناجائز کام کرتے ہیں اور ان کا نذرانہ بھی حرام ہوتا ہے، لینے والے اور دینے والے دونوں گنہگار ہوتے ہیں اس لیے کہ طاعت وعبادت پر اجرت متعین کرنا حرام ہے۔
سیدی اعلی حضرت علیہ الرحمہ فتاوی رضویہ شریف میں فرماتے ہیں: 
اصل یہ ہے کہ طاعت وعبادات پر اجرت لینا دینا (سوائے تعلیم قرآن عظیم وعلوم دین و اذان و امامت وغیرہا معدودے چند اشیا کہ جن پر اجارہ کرنا متاخرین نے بنا چاری ومجبوری بنظر حال زمانہ جائز رکھا) مطلقاً حرام ہے۔
(ج:٨ ص:١٥٩ ق)
اور اجارہ جس طرح زبان سے ہوتا ہے اسی طرح عرف اور ماحول سے بھی ہوجاتا ہے، مثلا: تراویح سنانے اور سننے والوں نے زبان سے کچھ نہیں کہا مگر معلوم ہے کہ نذرانہ دینا ہوگا، اور سنانے والا جانتا ہے کہ کچھ نہ کچھ تو ضرور ملے گا، انہوں نے اس طرح سنایا اور لوگوں نے اس نیت سے سنا تو اجارہ ہوگیا اور اب دو حرام ہوگئے، ایک تو عبادت پر اجارہ یہ حرام کام اور دوسرا حرام یہ کہ اجرت اگر عرفا معین نہیں تو اس کے نامعلوم ہونے سے اجارہ فاسد۔
(ملخص فتاوی رضویہ شریف ج:٨ ص:١٥٩ ق)
   اب ذرا غور کریں کہ کس طرح ہم لوگوں نے حرام کام کو رواج دے رکھا ہے بلکہ ماحول یہ بنا رکھا ہے کہ حفظ کی پہلی نیت یہ کرواتے ہیں کہ آپ کو تراویح سنانا ہے اور نذرانہ پانا ہے، نذرانہ لینا کوئی غلط بات نہیں مگر حرام طریقے سے لینا ضرور حرام ہے لہذا قرآن سنانے والے حضرات اس پر توجہ دیں اور حلال و درست طریقے سے نذرانہ وصول کریں. 
إن شاء اللہ اگلی تحریر میں ہم کئی ایسے طریقے بتائیں گے کہ جن سے نہ صرف آپ کا نذرانہ لینا حلال ہوگا بلکہ دینے والے پر بھی کوئی وبال نہ ہوگا، اس لیے فقیر پر کوئی بھی حکم لگانے سے پہلے اگلی تحریر کا انتظار کریں۔
◆ــــــــــــــــــــ۩۞۩ـــــــــــــــــــــ◆
کتبہ:- طارق محمود رضوی 
بتاریخ: ٢٠/شعبان المعظم ٥٤٤١؁ھ
مطابق: ٢/مارچ ٤٢٠٢؁ء

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.

Top Post Ad

Below Post Ad

Ads Area