Type Here to Get Search Results !

کیا جائے نماز واشنگ مشین میں دھو سکتے ہیں؟

 (سوال نمبر 4774)
کیا جائے نماز واشنگ مشین میں دھو سکتے ہیں؟
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
السلام وعلیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین مسئلہ ذیل کے بارے میں کہ 
واشنگ مشین میں پاک اور ناپاک دونوں ہی طرح کے کپڑے دھوئے جاتے ہیں۔
کیا جائے نماز بھی ہم واشنگ مشین میں دھو سکتے ہیں؟
واضح ہو کے واشنگ مشین میں پاک اور ناپاک دونوں ہی طرح کے کپڑے دھوئے جاتے ہیں۔
سائل:- رحمت اللہ خاں کانپور اتر پردیش انڈیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نحمده ونصلي علي رسوله الكريم 
وعلیکم السلام ورحمة الله وبركاته 
الجواب بعونه تعالي عز وجل 

واشینگ مشین میں اگرچہ ناپاک کپڑے بھی دھوئے جاتے ہیں اس میں جائے نماز دھل سکتے ہیں اس میں کوئی حرج نہیں البتہ جائے نماز ناپاک کپڑوں کے ساتھ یعنی ایک ساتھ نہ دھوئے ۔الگ الگ دھل سکتے ہیں۔
یاد رہے اگر بالٹی یا کپڑے دھونے کی مشین میں پاک کپڑوں کے ساتھ ایک بھی ناپاک کپڑا پانی کے اندر ڈال دیا تو سارے ہی کپڑے ناپاک ہو جائیں گے اور بِلاضَرورتِ شَرعِیَّہ ایسا کرناجائز نہیں ہے ۔ چُنانچِہ اعلیٰ حضرت، امام اَحمد رضا خان رحمۃُ اللہ علیہ فتاوٰی رضویہ ( مُخَرَّجہ)ج اوّل صَ 792 پر فرماتے ہیں 
بِلا ضَرورت پاک شے کو ناپاک کرنا ناجائز و گناہ ہے ج 4( مُخَرَّجہ) صَ 585 پر فرماتے ہیں 
جسم و لباس بِلاضَرورتِ شَرعِیَّہ ناپاک کرنااور یہ حرام ہے ۔
اَلْبَحْرُالرَّائِق میں ہے 
 پاک چیز کو ناپاک کرنا حرام ہے ( البحرالرائق ، ج۱ ص ۱۷۰)
لہذا ضروری ہے کہ پاک و ناپاک کپڑے جُداجُدا دھوئیں ۔ اگر ساتھ ہی دھوناہے تو ناپاک کپڑے کا نَجاست والا حصّہ اِحتیاط کے ساتھ پہلے پاک کر لیجئے پھر بے شک دیگر مَیلے کپڑوں کے ہمراہ ایک ساتھ واشنگ مشین میں اس کو بھی دھولیجئے ۔
ناپاک کپڑے پاک کرنے کاآسان طریقہ
کپڑے پاک کرنے کا ایک آسان طریقہ یہ بھی ہے کہ بالٹی میں ناپاک کپڑے ڈال کر اُوپر سے نل کھولدیجئے ، کپڑوں کوہاتھ یا کسی سَلاخ وغیرہ سے اِس طرح ڈَبوئے رکھئے کہ کہیں سے کپڑے کا کوئی حِصہ پانی کے باہَر اُبھر اہوانہ رہے ۔ جب بالٹی کے اُوپرسے اُبل کر اتنا پانی بہ جائے کہ ظنِّ غالِب آ جائے کہ پانی نَجاست کو بہا کر لے گیا ہوگا تو اب وہ کپڑے اور بالٹی کا پانی نیز ہاتھ یا سلاخ کاجتنا حصّہ پانی کے اندر تھاسب پاک ہوگئے جبکہ کپڑے وغیرہ پرنَجاست کااثر باقی نہ ہو ۔ اِس عمل کے دَوران یہ احتیاط ضَروری ہے کہ پاک ہوجانے کے ظنِّ غالب سے قَبل ناپاک پانی کا ایک بھی چھینٹا آپ کے بدن یا کسی اور چیز پر نہ پڑے ۔ بالٹی یا برتن کا اوپر ی کَنارا یا اندرونی دیوار کا کوئی حصہ ناپاک پانی والا ہے اور زمین اتنی ہموار نہیں کہ بالٹی کے ہر طرف سے پانی ابھر کے نکلے اور مکمَّل کنارے وغیرہ دھل جائیں تو ایسی صورت میں کسی برتن کے ذَرِیعے یا جاری پانی کے نل کے نیچے ہاتھ رکھ کر اُس سے بالٹی وغیرہ کے چاروں طرف اِس طرح پانی بہایئے کہ کنارے اور بقیّہ اندرونی حصّے بھی دُھل کر پاک ہوجائیں مگریہ کام شروع ہی میں کر لیجئے کہیں پاک کپڑے دوبارہ ناپاک نہ کر بیٹھیں 
واشنگ مشین میں کپڑے پاک کرنے کا طریقہ
واشنگ مشین میں کپڑے ڈالکر پہلے پانی بھر لیجئے اور کپڑوں کو ہاتھ وغیرہ سے پانی میں دبا کر رکھئے تا کہ کوئی حصّہ ابھرا ہوا نہ رہے ، اوپر کانل کھلا رکھئے اب نچلا سُوراخ بھی کھولدیجئے ، اِس طرح اوپر نل سے پانی آتا رہے گا اور نچلے سوراخ سے بہتا رہے گا جب ظنِّ غالب آ جائے کہ پانی نَجاست کو بہا لے گیا ہو گا تو کپڑے اور مشین کے اندر کا پانی پاک ہو جائے گا جبکہ نَجاست کا اثر کپڑوں وغیرہ پر باقی نہ ہو ۔ ضَرورتاً مشین کے اوپری کنارے وغیرہ مذکورہ طریقے پر شروع ہی میں دھو لینے چاہئیں..
نل کے نیچے کپڑے پاک کرنے کا طریقہ
مذکورہ طریقے پر پاک کرنے کیلئے بالٹی یا برتن ہی ضَروری نہیں ، نل کے نیچے ہاتھ میں پکڑ کر بھی پاک کرسکتے ہیں ۔ مَثَلاً رومال ناپاک ہوگیا، توبیسَن میں نل کے نیچے رکھ کر اتنی دیر تک پانی بہائیے کہ ظنِّ غالِب آجائے کہ پانی نَجاست کو بہا کر لے گیا ہو گا تو پاک ہو جائے گا ۔ بڑا کپڑا یا اس کا ناپاک حصّہ بھی اسی طریقے پرپاک کیا جاسکتا ہے ۔ مگر یہ احتیاط ضَروری ہے کہ ناپاک پانی کے چھینٹے آپ کے کپڑے بدن اوراَطراف میں دیگر جگہوں پر نہ پڑیں۔
( کپڑا پاک کرنے کا طریقہ بحوالہ فتاوی مسائل ورلڈ)
والله ورسوله اعلم بالصواب
_________(❤️)_________ 
کتبہ :- فقیہ العصر حضرت علامہ مولانا مفتی محمد مجيب قادری صاحب قبلہ مدظلہ العالیٰ النورانی لهان ١٨خادم دارالافتاء البركاتي علماء فاونديشن شرعي سوال و جواب ضلع سرها نيبال
22/19/2023

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.

Top Post Ad

Below Post Ad

Ads Area