Type Here to Get Search Results !

حضرت سیدنا عبداللہ بن عبدالمطلب رضی اللہ عنہ کی پاکدامنی کا واقعہ اس واقعہ کو پڑھنے کے بعد آپ کا ایمان تازہ ہوجائے گا

حضرت سیدنا عبداللہ بن عبدالمطلب رضی اللہ عنہ کی پاکدامنی
_________(🥀♥️⭐)_________

ایک مرتبہ رحمتِ عالم، نورِ مجسم ،شاہ ِبنی آدم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم  کے والد محترم حضرت سیدنا عبداللہ بن عبدالمطلب رضی اللہ تعالیٰ عنہ کہیں سفر پر جا رہے تھے کہ راستے میں ایک یہودی عورت ملی جو اپنے مذہب کی کتابوں کو خوب جانتی تھی اور وہ کاہنہ بھی تھی،اس کانام ’’فاطمہ بنت مُرّ ‘‘تھا،بہت زیادہ حسین وجمیل اور پار ساتھی، لوگ اس سے شادی کی خواہش کرتے تھے ،حسن و خوبصورتی میں اس کابہت چرچا تھا، جب اس کی نظر آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ پر پڑی تو اسے آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی پیشانی میں نورِ نبوت چمکتا ہوا نظر آیا،وہ آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے قریب آ کر کہنے لگی:’’اے نوجوان! اگر تو مجھ سے ابھی مباشرت کرلے تو میں تجھے سو اونٹ دوں گی۔‘‘ یہ سن کر عفت و حیا کے پیکر حضرت سیدنا عبداللہ رضی اللہ تعا لیٰ عنہ نے فرمایا:’’ مجھے حرام کام میں پڑنے سے موت زیادہ عزیز ہے اور حلال کام تیرے پاس نہیں یعنی تو میرے لئے حلال نہیں پھر میں تیری خواہش کیسے پوری کر سکتا ہو ں۔‘‘
            پھر آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ واپس گھر تشریف لائے اور حضرت سیدتنا آمنہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے صحبت فرمائی۔ چند دنوں کے بعد ایک مرتبہ پھر آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی ملاقات اس عورت سے ہوئی، اس نے آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے چہرہ انور پر نور نبوت نہ پا کر پوچھا:’’تم نے مجھ سے جدا ہونے کے بعد کیاکیا؟‘‘آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا: ’’میں اپنی زوجہ کے پاس گیااور اس سے مباشرت کی۔‘‘یہ سن کر وہ بولی:’’خدا عزوجل کی قسم! میں بدکارہ نہیں لیکن میں نے تمہارے چہرے پر نورِ نبوت دیکھا تو میں نے چاہا کہ وہ نور مجھے مل جائے مگر اللہ عزوجل کوکچھ اور ہی منظور تھا اس نے جہاں چاہا اس نور کو رکھا۔جب یہ بات لوگوں کو معلوم ہوئی توانہوں نے اس عورت سے پوچھا: ’’کیا واقعی عبداللہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے تجھے قبول نہ کیا  ،کیا تونے اسے اپنی طرف دعو ت دی۔ تھی؟‘‘ یہ سن کر اس نے چند اشعار پڑھے ،جن کاترجمہ یہ ہے 
میں نے ایک بجلی دیکھی جس نے سیاہ بادلوں کو بھی جگمگا دیا،اس بجلی میں ایسا نور تھا جو سارے ماحول کو چودھویں کے چاند کی طرح روشن کر رہا تھا،میں نے چاہا کہ اس نور کوحاصل کرلوں تاکہ اس پر فخر کرتی رہوں مگر ہر پتھر کی رگڑ سے آگ پیدانہیں ہوتی مگر اے عبداللہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ !وہ زُہری عورت (یعنی حضرت سیدتنا آمنہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا)بڑی نصیب والی ہے جس نے تیرے دونوں کپڑے لے لئے وہ کیا جانے کہ اس نے کتنی عظیم چیز حاصل کر لی ہے۔ (یعنی حضرت سیدتنا آمنہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے تم سے و ہ شہزادہ حاصل کر لیا جس کے وجود پردو چادریں ہیں : ایک حکومت کی اور دوسر ی نبوت کی) وہ عورت اکثر یہ اشعار پڑھا کرتی تھی ۔
(اس واقعہ سے رحمتِ عالم ،نورِ مجسَّم شاہِ بنی آدم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کے والدِ محترم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی پاک دامنی کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتاہے کہ ایک نوجوان کو حسین وجمیل مال دار عورت گناہ کی دعوت دے اورصرف گناہ کی دعوت ہی نہیں بلکہ سو اونٹ بھی ساتھ دے لیکن پھر وہ غیرت مند اور عفت و حیا کا پیکر اپنی عزت کومحفوظ رکھنے کے لئے اس کی طرف بالکل بھی توجہ نہ دے اوراس کی دعوت کو ٹھکرا دے،تو کیا یہ عمل پاکدامنی ،تقوی، پرہیزگاری اور خوفِ خدا عزوجل کی ایک اعلیٰ ترین مثال نہیں ؟یقینا یہ خوف خدا عزوجل کی بہترین مثال ہے ،ایسے مرد مؤمن کی پاکدامنی پر کروڑوں سلام۔
سیدی اعلیٰحضرت، امام اہلسنت،مجدد دین وملت، الشاہ امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرحمن نے’’فتاوی رضویہ شریف‘‘ جلد ۳۰صفحہ ۲۷۰ پر حضور نبی ٔرحمت،شافعِ امّت صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ اقدس نقل فرمایا ،چنانچہ حضرت سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے مروی ہے، حضور نبی ٔ پاک، صاحبِ لولاک صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے : ’’ اللہ عزوجل مجھے ہمیشہ پاک ستھری پشتوں سے پاک رحموں میں منتقل فرماتا رہا صاف ستھرا آراستہ جب دو شاخیں پیدا ہوئیں ،میں ان میں بہتر شاخ میں تھا۔‘‘(بحوالہ کنز العمال،ج۱۲، ص۱۹۲،الحدیث:۳۵۴۸۴)

سبحان اللہ عزوجل صادق و مصدوق صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا کلام بالکل بر حق ہے ۔اللہ عزوجل ان مبارک ہستیوں کے صدقے ہمیں بھی شرم وحیا کی عظیم نعمت سے مالامال فرمائے ۔)

{اللہ عزوجل کی اُن پر رحمت ہو۔۔اور۔۔ اُن کے صدقے ہماری مغفرت ہو۔آمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ تعالی علیہ وسلم}
_________(✍️)_________
کتبہ:- محمد مفید عالم قادری صمدی

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.

Top Post Ad

Below Post Ad

Ads Area