Type Here to Get Search Results !

عصر حاضر میں مرکزِ اہلِ سنت بریلی شریف کا کردار

 عصرِ حاضر میں مرکزِ اہلِ سنت بریلی شریف کا کردار
══════ ༺❀༻ ══════
 ازقلم : ڈاکٹر مفتی محمد علاؤالدین قادری رضوی ثنائی 
صدرافتاء: محکمہ شرعیہ سنی دارالافتاء والقضاء میراروڈ ممبئی
──────⊹⊱✫⊰⊹─────
بریلی شریف ہمیشہ سے اہلِ سنت وجماعت کا نہ صرف ایک روحانی مرکز رہا ہے بلکہ فکری و نظریاتی رہنمائی کا عظیم محور بھی۔ امام اہلِ سنت اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان قادری محدث بریلوی علیہ الرحمہ کی خدماتِ دینیہ نے اس شہر کو ایسا مقام عطا کیا ہے کہ آج دنیا بھر کے اہلِ سنت اس کی طرف عقیدت و رہنمائی کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
عصرِ حاضر میں دنیا ایک نئے سیاسی بھونچال سے گزر رہی ہے۔ طاقت کی کشمکش، مذہبی تعصبات، معاشی ناہمواری اور اخلاقی زوال نے امت مسلمہ کو ایک نازک موڑ پر لاکھڑا کیا ہے۔ خصوصاً برصغیر میں مذہب کے نام پر نفرت انگیزی، نوجوانوں میں فکری انتشار، اور میڈیا کی یلغار نے مسلمانوں کی اجتماعی قوت کو کمزور کیا ہے۔ ایسے حالات میں ایک ایسے مرکز کی ضرورت دوچند ہوجاتی ہے جو قوم کو وحدت، شعور اور مثبت رہنمائی دے۔
بریلی شریف کو اپنے علمی ورثے کے مطابق مسلک اہلِ سنت کی صحیح تعلیمات عام کرنی چاہئیں۔ جدید چیلنجز مثلاً لبرلزم، الحاد، گمراہ فرقوں کی یلغار اور سوشل میڈیا کے پروپیگنڈے کا جواب دلائل و حکمت کے ساتھ دینا آج کی اولین ضرورت ہے۔
سیاسی بھونچال میں اکثر قوم ٹکڑوں میں بٹ جاتی ہے۔ مرکز اہلِ سنت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اختلافات کے بجائے اتفاق و اتحاد پر زور دے اور ملت کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرے تاکہ اسلام اور مسلمانوں کے اجتماعی مسائل حل ہوسکیں۔
نوجوان نسل آج سب سے زیادہ گمراہی اور بے راہ روی کے نشانے پر ہے۔ بریلی شریف کے ذمہ داران اور علماء کو چاہیے کہ تربیتی اجتماعات، تربیتی کورسز، اور علمی نشستوں کے ذریعے نئی نسل کو دین، عقیدہ اور اخلاقی اقدار سے جوڑیں ۔
مرکز اہلِ سنت کو محض منبر و محراب تک محدود نہ رہنا چاہئے بلکہ یتیموں، بیواؤں، تعلیم، علاج اور فلاحی منصوبوں میں بھی عملی کردار ادا کرنا چاہئے تاکہ قوم کو عملی طور پر سہارا ملے اور بریلی شریف کی پہچان ایک "روحانی و سماجی قیادت" کے طور پر اجاگر ہو۔
آج کے سیاسی بھونچال میں مرکزِ اہل سنت بریلی شریف کو کسی جماعتی مفاد سے بالاتر ہوکر مسلمانوں کو صحیح سیاسی بصیرت فراہم کرنی چاہئے۔ یہ رہنمائی قرآن و سنت اور اعلیٰ حضرت کے افکار کی روشنی میں ہو تاکہ قوم کسی کے فریب میں نہ آئے اور اپنے دینی و ملی تشخص کو محفوظ رکھ سکے۔
مختصر یہ کہ مرکز اہلِ سنت بریلی شریف کو اپنے علمی، روحانی اور سماجی کردار کو ازسرِ نو زندہ کرنا ہوگا۔ یہ وقت کا تقاضا ہے کہ مرکز محض ایک شہر تک محدود نہ رہے بلکہ عالمی سطح پر امت کو فکری و عملی رہنمائی دے۔ اگر بریلی شریف اپنی اصل روح کے مطابق قیادت کا کردار ادا کرے تو نہ صرف اہلِ سنت بلکہ پوری امت مسلمہ کو عصرِ حاضر کے سیاسی بھونچال میں ایک نئی راہ مل سکتی ہے۔
ترسیل: ثنائی دارالبنات کڑوس بھیونڈی مہاراشٹرا 
9224455977

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.

Top Post Ad

Below Post Ad

Ads Area