Type Here to Get Search Results !

مدارس کو کیسے بچایا جائے ؟ کیا مدارس کو بچانے کی کوئی تدبیر ہے ؟


مدارس کو کیسے بچایا جائے ؟
کیا مدارس کو بچانے کی کوئی تدبیر ہے ؟

یہ تحریر ضرور پڑھیں  
مبسملا وحامدا ومصلیا ومسلما
◆ــــــــــــــــــــ۩۞۩ـــــــــــــــــــــ◆
بابری مسجد اور مدارس اسلامیہ
••────────••⊰۩۞۩⊱••───────••
(1)بابری مسجد کا معاملہ ملک ہند کا انتہائی حساس معاملہ تھا۔بابری مسجد سے متعلق الہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا۔نتیجہ سب کے سامنے ہے۔
(2)مدارس اسلامیہ کا مسئلہ بھی ملک ہند کا انتہائی حساس مسئلہ ہے۔دشمنان اسلام دین اسلام کی مذہبی تعلیم کو دہشت گردی کی تعلیم بتاتے ہیں۔ابھی الہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلے پر دوست نما دشمنوں کی تائید آنی باقی ہے اور میڈیا پر مباحثے بھی باقی ہیں۔
مسلم فریق کی جانب سے سپریم کورٹ جانے کی تیاری ہو رہی ہے اور ملک کے سینئر وکیلوں سے بھی بات چیت جاری ہے۔
(3)سپریم کورٹ میں بہت سے فیصلے ہمارے خلاف ہو چکے ہیں،لیکن آج بھی محض جوش کے ساتھ پیش قدمی کرنے کے لئے لوگ ثڑب رہے ہیں۔شاہ بانو کیس،باںری مسجد کیس،طلاق ثلاثہ کیس میں سپریم کورٹ کا فیصلہ سب کے سامنے ہے۔
ایک طرف قوم مسلم ہوتی ہے اور مخالف فریق کے ساتھ اہل سیاست ہوتے ہیں۔ایسی صورت میں مسلم فریق کے حق میں فیصلہ ہونا بہت مشکل ہے۔
(4)جمہوری ملک میں جینے کا طریق کار یہ ہے کہ سیاست و حکومت میں اپنی حصہ داری مستحکم کی جائے اور جو جمہوری اصول دین ومذہب کے خلاف نہ ہو،اس کو اختیار کیا جائے،تاکہ آپ قومی دھارے سے کٹ نہ سکیں۔
بھارت میں اکثر قوموں کی مضبوط سیاسی پارٹیاں ہیں،لیکن مسلمانوں کے پاس کوئی مضبوط سیاسی پارٹی نہیں۔اس پر محنت کی ضرورت ہے۔دیگر سرکاری محکموں میں بھی مسلمانوں کی تعداد ان کی آبادی کے حساب سے بہت کم ہے۔
آزادی ہند کے بعد ایک طویل مدت تک کانگریس ملک میں برسر اقتدار رہی۔قوم مسلم کانگریس کو اپنا مسیحا سمجھتی رہی اور کانگریس اپنی مضبوط حکمت عملی کے ذریعہ مسلمانوں کو پستی کی طرف دھکیلتی رہی۔

(5) الہ آباد ہائی کورٹ کے حالیہ فیصلے کے پیش نظر اگر مدارس اسلامیہ کے نصاب ونظام میں تبدیلی کر کے مدارس کو ملکی یا ریاستی اسکولنگ سسٹم سے منسلک کر دیا جاتا ہے تو قوم مسلم کا بھلا ہو گا۔اصحاب ثروت کے بچے بھی مدارس میں داخل ہو سکتے ہیں اور تعلیمی فیس بھی مقرر کی جائے،تاکہ مدارس خود کفیل ہو سکیں،نیز معلمین کے مشاہرے اور دیگر انتظامات پروفیشنل ہوں۔جیسے پرائیویٹ اسکول بچوں کی فیس کے ذریعہ اپنا سارا انتظام کرتے ہیں،وہی طریق کار اپنایا جائے۔
حکومت کی نظر میں جو بنیادی تعلیم ہے۔اس کی تکمیل کے بعد بچوں کو مدارس میں آپ پڑھاتے رہیں۔انہیں عالم،فاضل،مفتی،محقق بناتے رہیں،حکومت کو اعتراض کا حق نہیں ہو گا۔
(6)بھارت میں مدارس اسلامیہ خطرے میں نہیں ہیں،بلکہ مدارس اسلامیہ کا موجودہ نصاب ونظام خطرے میں ہے اور عصر حاضر کے اعتبار سے اس میں تبدیلی لازم ہے۔ایک جمہوری ملک میں ملک کی سب سے بڑی اقلیت کے مذہبی وقومی رہنماؤں کا عصری علوم سے نابلد ہونا زیر قاتل سے زیادہ خطرناک ہے۔
(7)سپریم کورٹ میں فیصلہ کو چیلنج کرنے سے قبل مدارس اسلامیہ کے موجودہ نصاب ونظام پر نظر ثانی کر لی جائے۔
سپریم کورٹ میں الہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم کر دیا جانا بہت مشکل ہے،کیوں کہ مدارس اسلامیہ پر طویل مدت سے اعتراضات کئے جا رہے ہیں۔
مخالفین کی خواہش تو یہی ہے کہ مدارس اسلامیہ کو ویسے ہی ختم کر دیا جائے جیسے آسام میں ختم کر دیا گیا،لیکن مدارس کے ذمہ داران چاہیں تو مدارس اسلامیہ کے نصاب ونظام میں تبدیلی کر کے دشمن کو شکست دے سکتے ہیں۔اس صورت میں
دشمن شود سبب خیر گر خدا خواہد 
کی جلوہ نمائی ہو گی۔بصورت دیگر مسلمانوں کی جگ ہنسائی ہو سکتی ہے۔دیگر فیصلوں کو دیکھ کر ایسا ہی محسوس ہوتا ہے:واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب والیہ المرجع والمآب 
مسلم پرسنل لا بورڈ اور دیوبندی جمعیت العلما بالکل خاموش کیوں ہے؟
◆ــــــــــــــــــــ۩۞۩ـــــــــــــــــــــ◆
کتبہ:- طارق انور مصباحی
جاری کردہ:24:مارچ2024

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.

Top Post Ad

Below Post Ad

Ads Area