تخلیقِ آدم (علیہ السلام) سے پہلے حضور اکرم ﷺ کی نبوت ثابت ہے؟
ــــــــــــــــــــــ❣🌟❣ـــــــــــــــــــــ
ازقلم:- حضرت مفتی محمد علاؤالدین قادری رضوی ثنائی
صدر افتا:- محکمہ شرعیہ سنی دارالافتاء والقضاء
پوجانگر میراروڈ ممبئی
ــــــــــــــــــــــ❣🌟❣ـــــــــــــــــــــ
اس وقت مسلمانوں کا سب سےبڑا المیہ یہ ہے کہ مسلمان خود کو فرقوں ، قبیلوں اور برادریوں میں قید کر رکھا ہے اسلام کاجو آفاقی نظام ہے ہم اس سے کوسوں دور ہوچکے ہیں مسلم علما میں بعض بہت متشدد تو بعض بہت مفاد پرستی کے شکار ہیں ہمارے علما کو اعتدال کی راہ پر چلتے ہوئے تبلیغ و سنت کا فریضہ انجام دیناچاہئے لیکن مسلمانوں کا ایک بڑا طبقہ ہے جن کے علما اس قدر متشدد اور تند مزاج ہیں کہ وہ نبی کر یم صلی اللہ علیہ وسلم کی نبوت کو چالیس سال کے بعد دیے جانے کے قائل ہیں جو قرآن و شر یعت کے خلاف عقیدہ ہے ہم اہل سنت نبی کی نبوت کو حضرت آدم علیہ السلام کی تخلیق سے قبل مانتے ہیں اور اس کی دلیل میں ہمارے پاس بہت سی احادیث کریمہ ہیں ۔حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے مروی ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا گیا
یارسول اللہ ، متی کتبت نبیا ؟
قال :’’ وآدم بین الروح والجسد ‘‘ یارسول اللہ! صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم آپ کے لئے نبوت کب فرض کی گئی؟آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا میں اس وقت بھی نبی تھا جب آدم علیہ السلام روح اور مٹی کے درمیان تھے ۔ (رواہ احمد)
اور ایک روایت میں حضرت عبد اللہ بن عباس ر ضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ انہوں نے فرمایا کہ میں نے عرض کیا :یارسول اللہ !آپ سے میثاق یعنی وعدۂ نبوت کب لیا گیا ؟ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا میں اس وقت بھی نبی تھا جب حضرت آدم علیہ السلام کی تخلیق ابھی روح اورجسم کے درمیانی مرحلہ میں تھی ۔
( رواہ احمد )
اوربھی محدثین نے انہیں الفاظ کے ساتھ اپنی کتب احادیث میں اسی مضمون کی احادیث نقل کی ہیں طوالت کی باعث صرف دو احادیث پر قناعت کرتا ہوں یہ مسئلہ ذہن میں ضرور رہنا چاہئے کہ انبیا کے مختلف درجے ہیں بعض کو بعض پر فضیلت ہے اورسب میں افضل ہمارے آقا و مولیٰ سید المر سلین صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم ہے جس طرح حضور صلی اللہ علیہ وسلم تمام رسولوں کے سردار اور سب سے افضل ہیں ، بلا تشبیہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے صدقہ میں حضور کی امت تمام امتوں سے افضل ہے آپ صلی اللہ علیہ وسلم تمام مخلوق انس و جن ، ملائکہ ،حیوانات ، جمادات سب کی طرف مبعوث ہوئے اور تمام عالم کے لئے رحمت بناکر بھیجے گئے جہاں حضور تمام انبیا میں اول ہیں وہیں خاتم النبیین ہیں سلسلہ نبوت آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر ختم کردیا گیا اب جو بھی آپ کے بعد کسی شخص کے لئے نبوت فرض کرے ، یا مانے ۔یا جائز جانے،وہ کافر ہے ۔
نہ رکھی گل کے جوش حسن نے گلشن میں جا باقی
چٹکتا پھرکہاں غنچہ کوئی باغ رسالت کا
(حضرت رضا بریلوی)
سید الاولین سید الآخرین
نامدار نبوت پہ لاکھوں سلام
ــــــــــــــــــــــ❣🌟❣ـــــــــــــــــــــ
ترسیل:- صاحبزادہ محمد مستجاب رضا قادری رضوی ثنائی پپرادادن
رکن اعلیٰ:- شیرمہاراشٹراتعلیمی فاؤنڈیشن
پوجانگر میراروڈ ممبئی