Type Here to Get Search Results !

اللہ اور دنیا کی محبت دل میں یکجا نہیں ہو سکتی

  •┈┈┈┈•••✦✦•••┈┈┈┈•
 ◦•●◉✿اللہ اور دنیا کی محبت دل میں یکجا نہیں ہو سکتی✿◉●•◦
✦•••••••••••••✦❀✦•••••••••••••✦
حضرت داؤد علیہ السلام کی خبروں میں یہ بھی مرقوم تھا کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت داؤد علیہ السلام کی طرف وحی کی کہ اگر تم میری محبت کا دعوی کرتے ہو تو دل سے دنیا کی محبت نکال دو کیوں کہ میری اور دنیا کی محبت ایک دل میں نہیں سما سکتیں۔
اے داؤد! دنیا سے میل جول رکھو مگر محبت خالصۃً مجھ سے ہی رکھو، تم میرے دین کی پیروی کرو، لوگوں کے ادیان کی پیروی نہ کرو، جو چیز تم کو میری محبت کے شایاں نظر آئے اسے حاصل کرو، جس چیز میں تمھیں مشکل پیش آئے تو اس میں میری پیروی کرو، میں تمھارے احوال و حوائج کی اصلاح کر دوں گا، تمھارا قائد اور رہبر بنوں گا، سوال سے پہلے عطا کروں گا، مصائب میں تمھاری مدد کروں گا، میں نے اپنی ذات کی قسم کھائی ہے کہ میں اپنے اس بندے کو بدلہ دوں گا جو طلب صادق اور پختہ ارادوں کے ساتھ میرے حضور گردن جھکا کے آتا ہے اور وہ یہ سمجھتا ہے کہ مجھ سے بے نیازی و بے اعتنائی ممکن نہیں ہے۔ جب تو اس مقام پر پہنچ جائے گا تو میں تم سے رسوائی اور وحشت کو دور کر دوں گا، تمھارے دل میں لوگوں سے بے نیازی ڈال دوں گا کیونکہ میں نے اپنی ذات کی قسم کھائی ہے کہ جب کوئی بندہ دنیا سے تعلق توڑ کر میری ذات پر بھروسہ کرتے ہوئے مطمئن ہو جاتا ہے تو میں اسے دنیا سے مالا مال کر دیتا ہوں۔ اعمال میں تضاد پیدا نہ کرو، لوگوں سے بےپرواہ ہو جاؤ، تم کو تمھارا ساتھی کوئی فائدہ نہیں دے گا اپنا دھیان مجھ تک محدود رکھو، میری معرفت کی کوئی حد نہیں ہے اسے محدود نہ سمجھو، مجھ سے جتنا زیادہ طلب کروگے اتنا عطا کردوں گا، میرے دینے کی کوئی حد نہیں ہے اور بنی اسرائیل کو بتاؤ کہ میرے اور میری کسی مخلوق کے درمیان رشتہ داری نہیں ہے، میرے بارے میں ان کے عزائم کو اور ان کی رغبت کو بڑھاؤ، انھیں اس جنت کا مژدہ سناؤ جسے کسی آنکھ نے نہیں دیکھا کسی کان نے نہیں سنا اور کسی دل پر اس کا تصور نہیں گزرا، مجھے ہر وقت آنکھوں کے سامنے سمجھو! مجھے سر کی آنکھ سے نہیں دل کی آنکھ سے دیکھو۔ 
میں نے اپنی عزت اور جلال کی قسم کھائی ہے کہ جو بندہ جان بوجھ کر تاخیر سے میری عبادت کرے گا میں اسے ثواب نہیں دوں گا، سیکھنے والوں سے تواضع سے پیش آؤ اور مریدین پر زیادتی نہ کرو، میرے محب اگر اس مقام کو جانتے جو میں نے مریدین کے لیے مقرر کیا ہے تو وہ بھی اسی راستہ پر چلنا پسند کرتے۔ 
اے داؤد؛! کسی مرید کو اس کی سر مستی سے ہوشیار نہ کرو اسے میری ذات میں مگن رہنے دو، میں تم کو جہید(بے انتہا کوشش کرنے والا) لکھوں گا اور جسے میں اپنے ہاں جہید لکھ دیتا ہوں اس پر مخلوق سے کوئی خوف اور محتاجی باقی نہیں رہتی۔
اے داؤد! میرے کلام خوب سمجھو اور اسے مضبوطی سے پکڑ لو اپنی ذات کے لیے اپنے نفس سے نیکیاں لو، دنیا میں مشغول نہ ہوں تا کہ مجھ سے تمھاری محبت پس پردہ نہ چلی جائے، میرے بندوں کو میری رحمت سے نا امید نہ کرو، میرے لیے اپنی خواہشات کو ختم کردو کیوں کہ میں نے شہوات ؛ کمزور بندوں کے لیے بنائی ہیں، قوی مردوں کا خواہشات نفسانی سے کیا کام؟ کیونکہ یہ میری بارگاہ میں مناجات کی شیرینی کو ختم کر دیتی ہے، میرے ہاں طاقتوروں کا عذاب یہ کہ جب وہ میرے دیدار کی لذت پالینے کے قریب ہوتے ہیں، میں ان کی عقلوں پر پردہ ڈال دیتا ہوں، اور وہ محروم رہتے ہیں، میں اپنے دوست کے لیے دنیا اور دنیا کی وجہ سے اپنی دوری پسند نہیں کرتا۔ 
اے داؤد؟! میرے اور اپنے درمیان مخلوق کو نہ لاؤ، کہیں اس کی سرمستی تم کو میری محبت سے دور نہ کردے کیوں کہ یہ مخلوق میرے ارادت مند بندوں کے لیے چوروں کی طرح ہے، ہمیشہ روزے رکھو شہوات کو ترک کر سکو گے، خود کو بے روزہ ہونے سے بچاؤ کیوں کہ مجھے ہمیشہ روزے رکھنے والے بہت پسند ہیں۔ 
(مکاشفہ القلوب، ۳۱۹/٢٠)
✦•••••••••••••✦❀✦•••••••••••••✦
کتبہ:- حضرت علامہ مولانا محمد جنید عالم شارق صباحی 
صاحب قبلہ مدظلہ العالیٰ النورانی 

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.

Top Post Ad

Below Post Ad

Ads Area