(سوال نمبر 4233)
تو ہندو بنےگا نہ مسلمان بنے گا
انسان کی اولاد ہے انسان بنے گا
...........................
السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین مسئلہ ذیل کے بارے میں کہ
تو ہندو بنےگا نہ مسلمان بنے گا
انسان کی اولاد ہے انسان بنے گا
یہ شعر پڑھنا صحیح ہے یا غلط جواب دیکر شکریہ کا موقع دیں۔
سائل:- محمد توفیق عالم کٹیہار بہار, انڈیا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نحمده ونصلي علي رسوله الكريم
وعلیکم السلام ورحمة الله وبركاته
الجواب بعونه تعالي عز وجل
مذکورہ شعر شرعا غلط ہے ہر انسان کی اصلیت مسلم ہے چونکہ ہر بچہ فطرت اسلام پر پیدا ہوتاہے شعر میں مسلمان ہونے سے انکار ہے صرف انسان ہونا ایک انسان کے لیے کافی نہیں انسان کے ساتھ مسلمان ہونا لازم ہے ۔
اس لئے مذکورہ شعر پڑھنا اور اعتقاد شرعا جائز نہیں۔
ہر انسان ایمان پر پیدا ہوتا ہے عالم ارواح میں رب تعالٰی نے تمام روحوں سے اپنی ربوبیت کا اقرارکرایا سب نے بَلٰی کہہ کر اقرار کیا اس اقرار پر قائم رہتے ہوئے دنیا میں آئے یہ اقرار و ایمان سب کا فطری اور پیدائشی دین ہے۔
بچہ ہوش سنبھالنے تک دین فطرت توحیدوایمان پر قائم رہتا ہے ہوش سنبھالنے پر جیسا اپنے ماں باپ اور ساتھیوں کو دیکھتا ہے ویسا ہی بن جاتا ہے
قانون یہ ہے کہ ہر انسان ایمان اورعقیدۂ توحید پر پیدا ہوتا ہے یہ کبھی نہیں ہوسکتا کہ کوئی بچہ میثاق کے اقرارکو توڑ کر کافر ہو کر پیدا ہو۔
حدیث شریف میں
وَعَنْ أَبِيْ هُرَيْرَةَ قَالَ قَالَ رَسُولُ اللهِ -صَلّٰى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مَا مِنْ مَوْلُودٍ إِلَّا يُولَدُ عَلَى الْفِطْرَةِ، فَأَبَوَاهُ يُهَوِّدَانِهِ أَوْ يُنَصِّرَانِهِ أَوْ يُمَجِّسَانِهِ كَمَا تُنْتَجُ الْبَهِيمَةُ بَهِيمَةً جَمْعَاءَ، هَلْ تُحِسُّونَ فِيهَا مِنْ جَدْعَاءَ؟ ثُمَّ يَقُوْلُ فِطْرَتَ اللهِ الَّتِيْ فَطَرَ النَّاسَ عَلَيْهَا لَا تَبْدِيلَ لِخَلْقِ اللهِ ذٰلِكَ الدِّينُ الْقَيِّمُ (مُتَّفَقٌ عَلَيْهِ)
روایت ہے حضرت ابوہریرہ سے فرماتے ہیں فرمایا رسول الله صلی اللہ علیہ وسلم نے کہ ہر بچہ دین فطرت پر ہی پیدا ہوتا ہے پھر اس کے ماں باپ اسے یہودی عیسائی یا مجوسی بنادیتے ہیں جیسے جانور بے عیب بچہ جنتا ہے کیا تم اس میں کوئی ناک کان کٹا پاتے ہو پھر فرماتے تھے کہ الله کی پیدائش ہے جس پر لوگوں کو پیدا فرمایا اللہ کی خلق میں تبدیلی نہیں یہ ہی سیدھا دین ہے۔(مسلم وبخاری)
والله ورسوله اعلم بالصواب
_________(❤️)_________
کتبہ :- فقیہ العصر حضرت علامہ مولانا مفتی محمد مجيب قادری صاحب قبلہ مدظلہ العالیٰ النورانی لهان ١٨خادم دارالافتاء البركاتي علماء فاونديشن شرعي سوال و جواب ضلع سرها نيبال
30/08/2023
30/08/2023