(سوال نمبر 4027)
مراقبہ کسے کہتے ہیں؟
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
السلام علیکم ورحمۃاللہ وبرکاتہ
کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلہ میں کہ مراقبہ کسے کہتے ہیں مراقبہ کرنے کا طریقہ کیا ہے ؟ اور تصور شیخ کسے کہتے ہیں تصور شیخ کرنے کا طریقہ کیا ہے ؟ برائے کرم بتادیں مہربانی ہوگی
سائل:-محمد رضوان القادری ساکن: گلبرگہ شریف کرناٹک انڈیا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نحمده و نصلي على رسوله الكريم
وعلیکم السلام ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
الجواب بعونہ تعالیٰ عزوجل
مراقبہ کے لغوی معنی نگرانی کرنا، نظر رکھنا، دیکھ بھال کرنا کے ہیں ،اس کا حقیقی معنی اللہ عَزَّ وَجَلَّ کا لحاظ کرنا اور اس کی طرف پوری طرح متوجہ ہونا ہے اور جب بندے کو اس بات کا علم ہوجائے کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ
دیکھ رہا ہے اللہ عَزَّ وَجَلَّ دل کی باتوں پر مطلع ہے پوشیدہ باتوں کو جانتا ہے۔بندوں کے اعمال کو دیکھ رہا ہے اور ہر جان کے عمل سے واقف ہے اس پر دل کا راز اس طرح عیاں ہے جیسے مخلوق کے لیے جسم کا ظاہری حصہ عیاں ہوتا ہے بلکہ اس سے بھی زیادہ عیاں ہے جب اس طرح کی معرفت حاصل ہوجائے اور شک یقین میں بدل جائےتو اس سے پیدا ہونے والی کیفیت کو مراقبہ کہتے ہیں (احیاء العلوم، ۵ / ۳۲۸۔)
واضح رہے کہ عرفِ عام میں خلوت میں یا جلوت میں یا کسی بزرگ کے مزار پر سر جھکا کر دل میں خوفِ خدا کا تصور جمانا، یا فکر آخرت کرنا، یا ذِکرُاللہ کرنا، یا اوراد و وظائف پڑھنا، یا محبت الٰہی میں گم ہوجانا، یا اپنے شیخ کی باطنی توجہ کے ذریعے قلب کو زندہ کرنا، یا دل کی صفائی کرنا، یا بذیعہ استخارہ ربّ تَعَالٰی سے کسی معاملے میں معاونت چاہنا وغیرہ۔ اِن تمام صورتوں کو بھی مراقبہ سے ہی تعبیر کیا جاتا ہے لیکن یہاں یہ مراقبہ مراد نہیں ہے۔(نجات دلانے والے اعمال کی معلومات ،ص ۶۶)
اللہ کا فرمان
وَ كَانَ اللّٰهُ عَلٰى كُلِّ شَیْءٍ رَّقِیْبًا۠ (پ۲۲، الاحزاب: ۵۲)
ترجمۂ کنزالایمان:اور اللہ ہر چیز پر نگہبان ہے۔(نجات دلانے والے اعمال کی معلومات ،ص۶۶، ۶۷)حدیث پاک میں ہے
حضرت سیدنا ابوہریرہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ سے ایک طویل حدیث پاک مروی ہے کہ حضرت جبریل امین عَلَیْہِ السَّلَام بارگاہ ِرِسالت میں حاضر ہوئے اور چند سوالات کیے، اُن میں سے ایک سوال یہ تھا کہ ’’یارسولَ اللہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم! اِحسان کیا ہے؟‘‘ آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے ارشاد فرمایا: ’’تم اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی اس طرح عبادت کرو کہ گویا تم اسے دیکھ رہے ہو اور اگر تم اسے نہیں دیکھ رہے تو وہ تمہیں ضرور دیکھ رہا ہے
(بخاری)
علامہ ابوالقاسم عبد الکریم ھوازن قشیری عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْقَوِی فرماتے ہیں حضور نبی کریم عَلَیْہِ اَفْضَلُ الصَّلٰوۃِ وَالتَّسْلِیْم کا یہ فرمانا کہ اگر تم اسے نہیں دیکھ رہے تو وہ تمہیں ضرور دیکھ رہا ہے۔مراقبہ کی طرف اشارہ ہے کیونکہ مراقبہ بندے کے اس بات کو جاننے کا نام ہے کہ ربّ تَعَالٰی اسے دیکھ رہا ہے۔(نجات دلانے والے اعمال کی معلومات ،ص ۶۷)
’مراقبہ یعنی اس بات کا علم اور یقین رکھنا کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ دیکھ رہا ہے ہر مسلمان پر ضروری ہے اور یہ تمام نیکیوں کی اصل ہے، مراقبہ کے بغیر کسی عمل میں اخلاص نہیں ہو سکتا، حضرت سیدنا ابن عطا رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ سے پوچھا گیا کہ افضل عبادت کیا ہے؟ تو ارشاد فرمایا: ’’مُرَاقَبَۃُ الْحَقِّ عَلٰی دَوَامِ الْاَوْقَاتیعنی ہر وقت مراقبہ یعنی اس بات کا علم اور یقین رکھنا کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ دیکھ رہا ہے۔(نجات دلانے والے اعمال کی معلومات ،ص ۶۷، ۶۸)
مراقبہ کرنے طریقے:
مراقبہ کی معلومات حاصل کیجئے: اس سلسلے میں علامہ ابوالقاسم عبد الکریم ھوازن قشیری عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْقَوِی کی کتاب رسالہ قشیریہ‘ اور حجۃ الاسلام حضرت سیدنا امام محمد غزالی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْوَالِی کی مایہ ناز کتاب ’’احیاء العلوم‘‘ جلدپنجم کا مطالعہ بہت مفید ہے۔ مراقبہ کے فوائد پر غور کیجئے: کہ مراقبہ تمام نیکیوں کی اصل ہے مراقبہ کے بغیر کسی عمل میں اخلاص پیدا نہیں ہوسکتا، مراقبہ تمام برائیوں سے بچانے میں معاون ہے، مراقبہ نیک اعمال میں رغبت کو بڑھاتا ہے، مراقبہ دل میں خوفِ خدا کو پیدا کرتا ہے، مراقبہ ظلم سے بچاتا ہے، مراقبہ کی تعلیم خود رسولُ اللہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے عطا فرمائی ہے، مراقبہ کرنا بزرگانِ دِین رَحِمَہُمُ اللّٰہُ الْمُبِیْن کا مبارک طریقہ ہے۔ وغیرہ وغیرہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ دیکھ رہا ہے‘‘نمایاں جگہ پر لکھ کر لگادیجئے:گھر، دکان، آفس وغیرہ میں ایسی جگہ جہاں ہروقت یا اکثر نظر پڑتی ہے وہاں یہ جملہ لکھ کر لگادینے سے مراقبہ کرنے میں آسانی پیدا ہوگی
والله ورسوله اعلم بالصواب
کتبہ:- حضرت علامہ مولانا مفتی محمد مجيب قادری صاحب قبلہ مدظلہ العالیٰ النورانی لہان 18خادم دار الافتاء البرکاتی علماء فاونڈیشن ضلع سرہا نیپال
12_07/2023