Type Here to Get Search Results !

روزہ کی حالت میں آنکھ میں پانی والی دوا یعنی ڈروپ ڈالنے سے روزہ ٹوٹے گا یا نہیں ؟


کیا روزہ کی حالت میں آنکھ میں دوا یا ڈروپ ڈالنے سے یا آنکھ میں سرمہ لگانے سے یا جسم کے رگ یا گوشت میں انجکشن لینے سے روزہ ٹوٹ جائے گا یا نہیں ٹوٹے گا؟
◆ــــــــــــــــــــ۩۞۩ـــــــــــــــــــــ◆
السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین مسئلہ ذیل کے بارے میں کہ روزہ کی حالت میں آنکھ میں پانی والی دوا یعنی ڈروپ ڈالنے سے روزہ ٹوٹے گا یا نہیں ؟ اسی طرح سرمہ لگانے سے یا انجکشن لینے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے یا نہیں ؟
عبد الغفار خان نوری مرپاوی 
نائب مفتی قادری دارالافتاء مفتی اعظم بہار مرپا شریف
◆ــــــــــــــــــــ۩۞۩ـــــــــــــــــــــ◆
وعلیکم السلام ورحمتہ اللہ وبرکاتہ 
الجواب اللھم ھدایۃ الحق الصواب :-
حالت روزہ میں آنکھ میں دوا ڈالنا
آنکھ میں دوا ڈالنے سے روزہ نہیں ٹوٹے گا جیسا کہ 
  حضور عبد المنان اعظمی صاحب رحمۃ اللہ علیہ سے ایک سوال ہوا کہ روزہ کی حالت میں آنکھ میں پانی ڈالنا دوا ڈالنا روزہ کو فاسد کردے گا یا نہیں ؟
اس سوال کے جواب میں فرماتے ہیں کہ روزہ نہیں ٹوٹے گا(فتاوی بحر العلوم جلد پنجم ص 130)
حالت روزہ میں آنکھ سرمہ لگانا
اسی طرح آنکھ میں سرمہ لگانے سے روزہ نہیں ٹوٹے گا جیسا کہ حضور بحر العلوم مفتی عبد المنان اعظمی رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ سرمہ لگایا تو روزہ نہیں ٹوٹے گا۔
(فتاوی بحر العلوم جلد پنجم ص 130)
روزے کی حالت میں آنکھ میں دوا ڈالنے یا سرمہ لگانے میں کوئی حرج نہیں ہے اور نہ اس سے روزہ ٹوٹتا ہے
  حضور مفتی اعظم ہند قدس سرہ بریلی شریف ارشاد فرماتے ہیں کہ سرمہ لگانے ۔یا آنکھ میں دوا ڈالنے مسواک کرنے میں کوئی حرج نہیں۔
(فتاویٰ مفتی اعظم ہند/ جلد سوم / کتاب الصوم ص 307)
در مختار مع ردالمختار میں ہے :
 اكتحل وان وجد طعمه في حقله لاتفاق علي ان من اغتسل في ماء فوجد برده في باطنه انه لا يفطر. ترجمہ: اس نے سرما لگایا اور اس نے اس کا ذائقہ حلق میں پایا اس بات پر اتفاق ہے کہ اس نے پانی میں غسل کیا تو اس نے ٹھنڈپا یا باطن میں تو اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا ہے
(ج 3/ کتاب الصوم ،باب ما يفسد الصوم ومالايفسده، صفحہ 366/367)
فتاویٰ ہندیہ میں ہے :
ولو أقطر شيئا من الدواء في عينه لا يفطر صومه عندنا وان وجد طعمه في حلقه.ترجمہ : اور اگر اس نے دوائی کو اپنی آنکھوں میں ڈالا تو اس کا روزہ نہیں ٹوٹے گا اگرچہ اس کا طعمہ حلق میں پایا ہو۔
(ج1/ کتاب الصوم، الباب الرابع فيما يفسد وما لا يفسد، صفحہ 203)
کیونکہ روزہ ٹوٹنے کے بارے میں ضابطہ کلیہ یہ ہے کہ جماع اور اس کے ملحقات کے علاؤہ روزہ توڑنے والی صرف وہ دوا اور غذا ہے جو مسامات اور رگوں کے علاؤہ کسی منفذ سے صرف دماغ یا پیٹ میں پہنچے ۔لہذا ظاہر ہے کہ دوا آنکھ میں ڈالی جائے گی اس کا اثر مسام ہی کے ذریعہ ہوگا اس لئے کہ آنکھ سے پیٹ یا دماغ تک کوئی دوسرا منفذ نہیں اس لئے یہ مفسد صوم نہیں ہے
کیونکہ آنکھ اور دماغ کے درمیان کوئی راستہ نہیں رہ گیا کہ آنسو وہ کیسے نکلتا ہے؟ تو وہ مسام کے ذریعہ نکلتا ہے اور مسام کے ذریعہ کوئی چیز اندر جائے تو روزہ نہیں ٹوٹتا ہے جیسے نہانے کے وقت ہر روئیں کی جڑ میں مسام ہے جس سے پانی جسم کے اندر سرایت کرتا ہے۔مگر روزہ نہیں ٹوٹتا ۔روزہ توڑنے میں خشک یا سیال کو دخل نہیں۔اصل لحاظہ منفذ کا ہے کہ اس کے ذریعہ پہنچا تو روزہ ٹوٹے گا اور مسام کے ذریعہ پہنچے تو نہیں اور آنکھ میں مسام ہے اور مسام کے ذریعہ کوئی چیز اندر جائے تو روزہ نہیں ٹوٹتا جس طرح غسل یا سانپ کاٹنے سے روزہ نہیں ٹوٹتا ہے کیونکہ جسم میں ہر بال کی جڑ میں مسام ہے جس سے غسل کے وقت یا منھ ہاتھ دھوتے وقت اسی مسام سے پانی جسم کے اندر سرایت کرتا ہے ۔مگر روزہ نہیں ٹوٹتا اسی طرح دوا یا سرمہ سے روزہ نہیں ٹوٹتا ہے 
اگرچہ دوا یا سرمہ کا مزہ حلق میں محسوس ہو پھر بھی روزہ نہیں ٹوٹتا کیونکہ وہ اثر حلق میں مسام سے داخل ہوا جو بدن کے درمیان ہوتے ہیں اور روزہ توڑنے والی اس چیز کو کہتے ہیں جو منفذ سے داخل ہوتی ہے
حالت روزہ میں انجکشن لینا
حالت روزہ میں انجکشن لینے سے روزہ نہیں ٹوٹے گا جیسا کہ 
حضور مفتی اعظم ہند قدس سرہ بریلی شریف ارشاد فرماتے ہیں کہ فی الواقع انجکشن سے روزہ فاسد نہیں ہوتا ۔کیونکہ انجکشن سے دوا جوف ( پیٹ) میں نہیں جاتی ۔انجکشن ایسا ہی ہے جیسے سانپ کاٹے ۔بچھو کاٹے ۔جیسے ان کے دانت ۔یا ڈنک جوف ( پیٹ.شکم،) میں نہیں جاتے ۔اور روزہ فاسد نہیں ہوتا۔
(فتاوی مفتی اعظم ہند جلد سوم /کتاب الصوم ص 302)
واللہ و رسولہ اعلم بالصواب 
◆ــــــــــــــــــــ۩۞۩ـــــــــــــــــــــ◆
کتبہ :- شیخ طریقت مصباح ملت محقق مسائل کنز الدقائق 
حضور مفتی اعظم بہار حضرت علامہ مولانا مفتی محمد ثناء اللہ خان ثناء القادری مرپاوی سیتا مڑھی بہار صاحب قبلہ مدظلہ العالیٰ النورانی
مورخہ 27 مئی 2024

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.

Top Post Ad

Below Post Ad

Ads Area