Type Here to Get Search Results !

کسی فرشتہ کو بدشکل یا گندی شکل والا کہنا شرعاً کیسا ہے؟


کسی فرشتہ کو بدشکل یا گندی شکل والا کہنا شرعاً کیسا ہے؟
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
کیا فرماتے ہیں علماۓ کرام مسئلہ ذیل میں کہ ایک خطیب اپنی تقریر میں بیان کیا کہ کچھ فرشتے گندی شکل و بد شکل کے ہوتے ہیں طلب امر یہ ہے کہ فرشتے کےبارےمیں گندی شکل اور بد شکل جیسے الفاظ استعمال کرنا کیسا ہے ؟ مدلل جواب عنایت فرمائیں کرم ہوگا۔
سائل:- افضل حسین بنارسی
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖
بسم اللہ الرحمن الرحیم 
وعلیکم السلام و رحمۃ اللہ و برکاتہ 
الجواب بعون الملک الوھاب 
ہماری اردو زبان میں " بدشکل " کا معنی ہے " بری صورت والا ، بدصورت " اور " گندہ / گندا " کا معنی ہے " غلیظ ، نجس ، میلا ، بدبودار، بگڑا ہوا ، سٹرا ہوا ، بدزبان ، برا ، خراب بےہودہ " (لفظ گندی ، گندہ کی تانیث ہے)
(فیروزاللغات ، حرف ب و گ ، ص۱۸۷ ، ۱۱۰۸ ، مطبوعہ فیروز سنز لاہور)
اسی لئے ہمارے عرف میں کسی کو " گندی شکل والا ، یا بدشکل " کہنا توہین شمار کیا جاتا ہے ، فلہذا کسی فرشتہ کو " گندی شکل یا بدشکل کہنا یقیناً ان کی توہین اور ان کو عیب لگانا ہے اور فرشتوں میں سے کسی بھی فرشتہ کی توہین یا اس کو عیب لگانا کفر ہے 
چنانچہ امام زین ابن نجیم مصری حنفی متوفی ۹۷۰ھ فرماتے ہیں:
" وبعيبه ملكاً من الملائكة أو الاستخفاف به "
(البحر الرائق ، کتاب السیر ، باب احکام المرتدین ، ۵/۲۰۵ ، مطبوعہ دارالکتب العلمیہ بیروت ، الطبعۃ الاولی:۱۴۱۸ھ)
یعنی ، فرشتوں میں سے کسی فرشتہ کو عیب لگانے سے یا اس کی توہین کرنے سے آدمی کافر ہوجاتا ہے 
اور علامہ نظام الدین برہان پوری حنفی متوفی ۱۰۹۲ھ و جماعت علمائے ہند فرماتے ہیں :
"رجل ‌عاب ‌ملكا من الملائكة كفر."
(الفتاوی الھندیۃ ، کتاب السیر، باب فی احکام المرتدین ، ۲/۲۸۷ ، مطبوعہ دارالکتب العلمیہ بیروت، الطبعۃ الاولی:۱۴۲۱ھ)
یعنی ، کسی آدمی نے فرشتوں میں سے فرشتہ کو عیب لگایا تو وہ کافر ہوگیا
اور امام اہلسنت امام احمد رضا قادری حنفی متوفی ۱۳۴۰ھ فرماتے ہیں:
" حضور اقدس صلی اللہ تعالی علیہ وسلم یا کسی نبی یا فرشتہ کی توہین یا حضرت عزت جل جلالہ کو معاذ اللہ برا کہنا بلاشبہ کفر ہے "
(فتاویٰ رضویہ ، کتاب السیر ، ۱۴/۶۸۸ ، رقم المسئلۃ ۳۱۹ ، رضا فاؤنڈیشن لاہور)
فلہذا خطیب مذکور پر توبہ و تجدید ایمان اور بیوی والا ہے تو تجدید نکاح لازم ہے 
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖
 کتبـــــــــــــــــــــــــــــه:
محمد شکیل اخترالقادری النعیمی غفرلہ، شیخ الحدیث مدرسۃالبنات مسلک اعلیٰ حضرت صدر صوفہ ہبلی کرناٹک الھند۔

✅الجواب صحیح والمجیب نجیح: عبدہ الدکتور المفتی محمد عطاء اللہ النعیمی غفرلہ٫ شیخ الحدیث جامعۃ النور و رئیس دارالافتاء النور لجمعیۃ اشاعۃ اھل السنۃ (باکستان)کراتشی۔
✅الجواب صحیح: محمد جنید النعیمی غفرلہ، المفتی بدارالافتاء النور لجمعیۃ اشاعۃ اھل السنۃ (باکستان)کراتشی۔
✅الجواب صحیح والمجیب مصیب: فقط ابو آصف راجہ محمد کاشف مدنی نعیمی رئیس دارالافتاء ھاشمیہ آگرہ تاج کالونی لیاری کراچی۔
✅الجواب صحیح: المفتي عبد الله الفهيمي جامعة أنوار القرآن لاڑکانہ۔
✅صح الجواب: محمد قاسم النعیمی الاشرفی غفرلہ، المفتی بدارالافتاء الغوثیۃ کاشی فور اتراکھنڈ۔
✅الجواب صحیح: محمد کاشف مشتاق النعیمی العطاری غفرلہ، المفتی بدارالافتاء النور لجمعیۃ اشاعۃ اھل السنۃ (باکستان)کراتشی۔
✅الجواب صحیح: محمد مہتاب احمد النعیمی غفرلہ، المفتی بدارالافتاء النور لجمعیۃ اشاعۃ اھل السنۃ (باکستان)کراتشی۔
✅الجواب صحیح: محمد شہزاد النعیمی غفرلہ، المفتی بدارالافتاء النور لجمعیۃ اشاعۃ اھل السنۃ (باکستان)کراتشی۔

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.

Top Post Ad

Below Post Ad

Ads Area