Type Here to Get Search Results !

جن کے آنے سے روشن ہوئے دو جہاں پڑھنا کیسا ہے؟


جن کے آنے سے روشن ہوئے دو جہاں
ــــــــــــــــــــــ❣🌟❣ـــــــــــــــــــــ
 ازقلم:- حضرت مفتی محمد علاؤالدین قادری رضوی ثنائی 
پوجا نگر میراروڈ ممبئی

 ••────────••⊰❤️⊱••───────••
 ہم اہل سنت کے علما کو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے وہی عشق ہے جس کا حکم اللہ عزوجل اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دیا ہے اس لئے ہمارے علما کا یہ عقیدہ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نورِ خدا ہیں بلکہ تخلیق میں یہی نور اول ہے جس کی برکت سے زمین ساکن ہے،زمین پر مخلوقاتِ خدا شاد و آباد ہیں ،پہاڑ اسی نورِ خدا کی برکت سے بلند وبالا ہے بلکہ ہر بلندی اسی کی مرہون منت ہے ،سبزوں میں جو ہریالی ہے یہ اسی نورِ خدا کا صدقہ ہے ،باغ وبہار میں جو نور ہے یہ اسی نور سے منور ہے ،آسمان اسی کے عشق میں شیدا ہے حق یہی ہے کہ یہی وہ نور ہے جو اول بھی ہے اور آخر بھی ہے ۔  
 جن کے آنے سے روشن ہوئے دو جہاں  
ان کے قدموں کی برکت پہ لاکھوں سلام 
 عاشق رسول حضرت علامہ عبد الرحمن جامی رحمتہ اللہ علیہ نورِ محمدی صلی اللہ علیہ وسلم پریوں لب کشا ہیں:   
  وصلی اللہ علی نور کز وشد نورہا پیدا
  زمیں باحب اوساکن فلک در عشق اوشیدا
 ترجمہ: اور اللہ کی رحمت ہو اس نور پر جس سے (تمام )نور پیدا ہوۓ ، زمین اس کی محبت کے باعث ساکن (اور )آسمان اس کے عشق میں شیدا ہے ۔
  محمد احمد ومحمودوے راخالقش بستود 
  از وشد جوہرموجود،وزوشددیدہابینا 
 ترجمہ:خالق دوجہاں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعریف محمد ، احمد اورمحمود جیسے اسما سے کی ہے عالم موجودات سے جو بھی فوائد حاصل ہورہے ہیں وہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ہی کی ذات گرامی کے طفیل ہیں اور اسی طرح چشم مشاہدہ کی بصیرت بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم ہی کے طفیل ہے ۔
  ازو در ہرتنے ذوقے وز و درہرسرلے شوقے
  ازو در ہرزباں ذکرے وز ودر ہر سرے سودا 
 ترجمہ: انہیں کے طفیل ہرتن کو ذوق (زندگی )اور ہردل کو محبت نصیب ہوئی ، انہیں کی برکت سے ہرزبان کو ذکر (خدا )کی توفیق ہوتی ہے اور ہرسُر میں سوادئے محبت سمایاہے ۔
  اگر نام محمد رانیا وردے شفیع آدم 
  نہ آدم یافتے توبہ ، نہ نوح ازغر ق نجینا 
 ترجمہ: اگر حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے نام کو حضرت آدم علیہ السلام شفیع نہ بناتے (تو )نہ حضرت آدم علیہ السلام توبہ کو پاتے نہ حضرت نوح علیہ السلام غرقابی سے نجات پاتے ۔
  نہ ایوب ازبلاراحت ، نہ یوسف حشمت وجاہت 
  نہ عیسیٰ آن مسیحادم ، نہ موسیٰ آں یدبیضا 
 ترجمہ:نہ حضرت ایوب علیہ السلام کو رنج وابتلا سے نجات ملتی اور نہ ہی حضرت یو سف علیہ السلام جاہ و حشمت سے بہرہ ور ہوتے ۔ نہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو مسیحائی ملتی نہ ہی موسیٰ علیہ السلام کو یدبیضا کا معجزہ عطاہوتا ۔ 
  دو چشم نرگسینش راکہ مازاغ البصر خوانند 
  دو زلف عنبرینش راکہ واللیل اذا یغشٰی 
 ترجمہ: ان کی دو نرگسی آنکھیں بتلاتی ہیں کہ ہم ’’ مازاغ البصر ‘‘ پڑھیں اور دو عنبریں زلفیں بتلاتی ہیں کہ واللیل اذا یغشٰی پڑھیں ۔
  زسرسینہ اش جامی الم نشرح لک برخواں 
  زمعراجش چی می پرسی کہ سبحان الذی اسریٰ
 ترجمہ: ان کے سینے کے راز سے اے جامی! الم نشرح لک پڑھ لے ، ان کی معراج کا کیا پوچھنا کہ سبحان الذی اسریٰ ۔
  تخلیق محمدی کے حوالے سے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی فیصلہ کن خبر :  
 حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :
 کنت اول النبیین فی الخلق وآخرھم فی البعث 
 میں پیدائش کے اعتبار سے تمام نبیوں میں اول ہوں اور بعثت کے لحاظ سے تمام نبیوں میں آخر ہوں ۔
(ابن کثیر ، جلد ۸ ، ص، ۴۸)
 عاشق رسول قلندر لاہوری ڈاکٹر اقبال اس حدیث کاترجمہ یوں کرتے ہیں :
  نگاہ عشق مستی میں وہی اول وہی آخر 
  وہی قرآں وہی فرقاں وہی یٰسین وہی طہٰ
   اسی مفہوم کی ایک روایت حضرت قتادہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مرسلا ًمروی ہے کہ حضرت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: 
  انما بعثت فاتحا خاتما۔
یقینا میں دریائے رحمت کرنے اور سلسلہ نبوت و رسالت کو ختم کرنے کےلئے مبعوث کیاگیا ہوں ۔  
(وروی احمد فی مسندہ ، ج ۳، ص ۳۸۷)
 جہاں آپ خلقت و نبوت کے اعتبار سے اول ہیں اسی طرح سلسلہ نبوت و رسالت کے خاتم بھی ہیں مفصل بیان آگے آئے گا ۔
   نبوت ختم ہے تجھ پر ، رسالت ختم ہے تجھ پر 
   تیرا دیں ارفع و اعلیٰ ، شریعت ختم ہے تجھ پر
(ارشاد عرشی)
(جاری ہے)
••────────••⊰❤️⊱••───────••
ترسیل: صاحبزادہ محمد مستجاب رضا قادری رضوی ثنائی پپرادادنوی
رکن اعلیٰ: شیرمہاراشٹرا تعلیمی فاؤنڈیشن
پوجا نگر میراروڈ ممبئی

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.

Top Post Ad

Below Post Ad

Ads Area