Type Here to Get Search Results !

چنگیز و ہلاکو اور بائیڈن و نتن یاہو


مبسملا وحامدا ومصلیا ومسلما
ــــــــــــــــــــــ❣🌟❣ـــــــــــــــــــــ
چنگیز و ہلاکو اور بائیڈن و نتن یاہو
••────────••⊰❤️⊱••───────••
(1)چنگیز خاں جب کسی علاقے پر قبضہ کر لیتا تو وہاں کے عام شہریوں کو بھی ہلاک کر دیتا تھا۔اسی طرح چنگیز خاں کا پوتا ہلاکو اور اس کے خاندان کے دیگر لوگ بھی عام شہریوں کو قتل کر دیتے تھے۔
امریکہ نے بھی جنگ عظیم دوم(1939-1945)سے آج تک بے شمار عام شہریوں کو قتل وہلاک کیا ہے،حالاں کہ جنگ صرف فوجیوں سے لڑی جاتی ہے۔اسرائیل کی یہودی حکومت بھی اپنے قیام 1948 سے آج تک بے شمار فلسطینی عوام کو قتل وہلاک کیا ہے۔
حالیہ فلسطین واسرائیل جنگ کے دوران بھی یہودی حکومت صرف عام فلسطینی شہریوں پر جنگی جہازوں سے بمباری کر رہی ہے اور عوام کو ہلاک کیا جا رہا ہے۔ان مہلوکین میں کثیر تعداد بچوں اور عورتوں کی ہے۔اسی طرح یہودی فوج غزہ پٹی اور ویسٹ بینک میں عام فلسطینی شہریوں کو قتل کر رہی ہے اور انہیں گرفتار کر رہی ہے۔
 
حماس کے مجاہدین سرنگوں میں رہتے ہیں۔وہ یہودی فوج پر حملے کرتے ہیں اور اپنے سرنگوں میں واپس چلے جاتے ہیں۔اسرائیلی فوجی سرنگوں میں داخل ہونے کی ہمت نہیں کرتے ہیں۔سرنگوں کو تباہ کرنے اور سرنگوں میں پانی ڈالنے کا منصوبہ بھی ناکام ہو چکا ہے،یعنی مجاہدین محفوظ ہیں۔اس سے بالکل واضح ہو جاتا ہے کہ اسرائیل غزہ پٹی پر قبضہ نہیں کر سکتا ہے۔یہودی حکومت صرف عام شہریوں کو ہلاک کرنے کے لئے جنگ جاری رکھنا چاہتی ہے،تاکہ ہلاکت کی کثرت دیکھ کر لوگ غزہ پٹی چھوڑ کر دوسرے ممالک کی طرف ہجرت کر جائیں اور یہودی حکومت غزہ پٹی پر قبضہ کر لے۔
(2)اپنے مومن بھائیوں،بہنوں اور بچوں کی ہلاکت دیکھ کر بہت ذہنی کلفت اور شدید قلبی اذیت محسوس ہوتی ہے۔ہمارا تحریری کام بھی دو ماہ سے بند ہو چکا ہے۔یہ ہلاکت وبربادی اور قتل وغارت گری کب بند ہو گی،اس کا بظاہر کچھ اندازہ نہیں۔مسلم ممالک بالکل خاموش ہیں۔وہ کسی مضبوط اقدام سے قاصر ہیں،بلکہ بہت سے مسلم ممالک نے اس قدر ظلم وستم کے باوجود یہودی حکومت سے اپنے تعلقات بھی منقطع نہ کئے۔یہ لوگ حد درجہ بے غیرت اور بے حیا ہیں،بلکہ جب فلسطین میں مسلمانوں کا قتل عام ہو رہا تھا،اس وقت سعودی عرب میں رقص و سرود کا پروگرام ہو رہا تھا۔
فلسطین کے شہر بیت اللحم میں حضرت عیسیٰ علیہ الصلوۃ والسلام کی پیدائش ہوئی تھی۔25:دسمبر کو نصاری حضرت عیسی علیہ الصلوۃ والسلام کا ہوم پیدائش(کرسمس ڈے) بہت دھوم دھام سے مناتے ہیں،لیکن بیت اللحم کے پادریوں اور عیسائیوں نے اس سال بیت اللحم میں کرسمس ڈے نہیں منایا اور بیت اللحم کے پادری نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ فلسطین میں اس قدر ظلم وستم ہو رہا ہے اور دنیا بھر کے چرچ(نصرانیوں کی عبادت گاہ)خاموش ہے،یعنی مسیحی چرچ کو اس ظلم وستم کے خلاف آواز اٹھانی چاہئے۔
عیسائیوں کے سب سے بڑے پیشوا،ویٹیکن کے پوپ فرانسس نے بدھ کے دن کہا کہ فلسطین میں جو کچھ ہو رہا ہے،وہ جنگ نہیں،بلکہ دہشت گردی ہے اور پوپ فرانسس نے کرسمس ڈے کے خطاب میں بھی اس جنگ پر سخت تنقید کی۔ہمارے بھارت میں بھی مسلمانوں کے بڑے اجلاس ہوتے ہیں،لیکن لوگ اسرائیلی مظالم کی مذمت بھی نہیں کرتے۔جمہوری دنیا میں اہل جہاں کی رائے کا بہت اعتبار ہوتا ہے۔اسی رائے اور ووٹ کے سبب ہی جمہوری ممالک میں حکومت بنتی اور بگڑتی ہے۔رائے عامہ موثر کردار ادا کرتی ہے۔
سات اکتوبر کے بعد یہ جنگ شروع ہوئی ہے۔تب سے اسرائیل عام فلسطینی شہریوں پر بمباری کر رہا ہے اور اسی وقت سے دنیا کے بیشتر ممالک خاص کر مغربی ممالک میں اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاج ومظاہرے ہو رہے ہیں۔مظاہرین میں ہر مذہب اور ہر طبقہ کے لوگ شرکت کرتے ہیں۔دیگر مذاہب کے لوگ محض انسانیت کے نام پر یہودی مظالم کی مخالفت کر رہے ہیں۔قوم مسلم انسانی اوصاف اور مومنانہ صفات سے عاری ہوتی جا رہی ہے۔جب خود ان پر یا ان کے بچوں پر کوئی مصیبت آتی ہے،تب یہ لوگ بیدار ہوتے ہیں۔یہ حیوانی صفات ہیں۔جب بلی چوہے پر حملہ کرتی ہے تو چوہا اپنی جان بچانے کے لئے بھاگتا ہے۔اسی طرح مرغی کے بچوں پر کوا جھپٹتا ہے تو مرغی کوے پر حملہ آور ہوتی ہے۔الغرض محض اپنی اور اپنے بچوں کی فکر کرنا حیوانی صفات میں سے ہے۔انسانی اوصاف کا دائرہ وسیع تر ہے،مومنانہ اوصاف اس سے بھی بلند تر ہیں۔تمام مومنین جسم واحد کی طرح ہیں۔کسی مومن پر کوئی آفت آئے تو دوسرے مومن کے اندر اس کا درد محسوس ہونا چاہیے۔
ــــــــــــــــــــــ❣🌟❣ـــــــــــــــــــــ
کتبہ:- طارق انور مصباحی
جاری کردہ:26:دسمبر 2023

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.

Top Post Ad

Below Post Ad

Ads Area