Type Here to Get Search Results !

اگر کسی پر کالا جادو ہو تو کیا کالے جادو سے توڑ کروا سکتے ہیں؟

 (سوال نمبر 2054)
اگر کسی پر کالا جادو ہو تو کیا کالے جادو سے توڑ کروا سکتے ہیں؟
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ 
کیا فرماتے ہیں علماءکرام و مفتیان شرع متین اس مسئلہ کے متعلق
کہ اگر کسی مسلمان مرد و عورت پر کالے جادو سے کسی نے عمل کروایا ہوا ہو اور اس وجہ سے اسکی تکلیف بھی ختم نہ ہوتی ہو بہت سے ڈاکٹروں سے علاج بھی کروایا ہو یہاں تک کہ تین سال گزر جائیں تکلیف کو تمام رپورٹیں بھی درست ہوں کہ کوئی بیماری نہیں نوری عمل سے بھی سب کیا ہو دم وغیرہ اللہ کے کلام سے دم کرکے پانی پیا ہو لیکن وہ عمل ناری ہو ۔۔ تو کیا تکلیف ختم کرنے کے لیے ناری عمل سے توڑ کروا سکتے ہیں مقصد صرف یہ ہو کہ جو عمل کرتا ہے وہ کرنا چھوڑ دے یعنی روک دے اور تکلیف ختم ہوجائے کیا ایسا کرنا جائز ہے؟؟ 
سائلہ:- بسمہ شہر تلگنگ پاکستان 
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نحمده ونشكره ونصلي على رسوله الأمين 
وعليكم السلام ورحمة الله وبركاته 
الجواب بعونه تعالى عز وجل 
کالا جادو ہی کردیا ہو یہ تیقن سے نہیں کہا جا سکتا ہے اور اگر خدا ناخواستہ ہو بھی تو وہی علاج کروائیں گے جسے شرعا اجازت ہو چونکہ جادو میں معبود باطلہ کا نام اور بعض اوقات کفریہ الفاظ ہوتے ہیں اس لئے جادو کے ذریعے علاج کروانا جائز نہیں ہے اور اسی سے ٹھیک ہوگا یہ اعتقاد کرنا بھی جائز نہیں ہے ۔حدیث میں ہے آقا علیہ السلام نے فرمایا تین شخص جنت میں داخل نہ ہونگے۔ شراب کی  مداومت کرنے والا اور قاطع رحم اور جادو کی تصدیق کرنے والا۔
(المسند للإمام أحمد بن حنبل حدیث ابی موسی الاشعری، الحدیث:  ۱۹۵۸۶۔ج ۷ ص ۱۳۹ بہار/9/390)
اس لئے کسی باشرع عامل سے علاج کروا سکتے ہیں ۔
واضح رہے کہ عموماً شیطانی وساوس انسانی نفسیات نظرِ  بد اور حسد کے اثرات وغیرہ اور بعض اوقات پیشہ ور حضرات لوگوں کو جادو کے وہم میں مبتلا کردیتے ہیں۔ ان شیطانی حملوں سے بچاؤ کا وہی طریقہ ہے جس کی تعلیم ہمیں دین نے دی ہے
١/ سب سے بنیادی بات کہ اللہ تعالیٰ کی ذات اور ان کی صفات پر کامل ایمان اور یقین ہو، اللہ کی ذات پر مکمل بھروسہ ہو تو قوتِ ایمانی سے ہی ان شاء اللہ بہت سی شیطانی قوتیں اور نفسیاتی حملے پسپا ہوجاتے ہیں۔
٢/ پنچ وقتہ نمازوں کی پابندی، ان کی شرائط و احکام کی رعایت رکھ کر ادا کرنے کا اہتمام جو درحقیقت خالق ومالک سے تعلق مضبوط کرنے کا ذریعہ ہے اور جب بندے کا تعلق اللہ سے مضبوط ہوتاہے تو شیطان کا بس اس پر نہیں چلتا۔
٣/ ہر وقت پاکی کا اہتمام کرنا، با وضو رہنا، اور تلاوتِ قرآنِ کریم کی کثرت، نیز ذکر کی پابندی اور درود شریفپر مداومت 
٤/ مکمل سورہ بقرہ معتدل آواز میں وقتاً فوقتاً گھر میں تلاوت کرنے کا اہتمام کریں۔
٥/ صبح وشام  کی حفاظت کی مسنون دعائیں پڑھنے کا اہتمام کیا جائے 
٦/ نیز درج ذیل اذکار صبح وشام سات سات مرتبہ پابندی سے یقین کے ساتھ پڑھ کر دونوں ہاتھوں میں تھتکار کر سر سے پیر تک اپنے پورے جسم پر  پھیردیں، ان شاء اللہ ہر قسم کےسحر، آسیب اور نظرِ بد کے اثراتِ بد سے حفاظت رہے گی.
یاد رہے کہ جادو حق ہے یعنی جادو انسان پر اثر انداز ہوتا ہے کتاب و سنت سے ثابت ہے ۔
یعنی جادو کا اثر انسان پر ہوتا ہے ۔
جادو کا توڑ مندرجہ ذیل میں ملاحظہ کریں ۔ 
حضرت قعقاء رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں میرا اسلام یہود پر اتنا گراں ہے اور وہ میرے ایسے دشمن ہوگئے ہیں کہ اگر میرے پاس یہ عمل نہ ہوتا تو جادو گر یہودی اپنے جادو 
کے زور سے میری شکل یا میری عقل گدھے کی سی کر دیتے۔خیال رہے کہ جادو سے عقل بھی خراب کی جاسکتی ہےاور اگر جادو قوی ہو تو شکل بھی بدل جاتی ہے، فرعون کے جادوگروں نے رسّوں اور بلّوں کو سانپ بنادیا تھا مگر حقیقت تبدیل نہیں ہوتی۔
حدیث پاک میں ہے 
روایت ہے حضرت قعقاع سے کہ جناب کعب احبار فرماتے ہیں کہ اگر میں تین کلمات نہ کہہ لیتا ہوتا تو یہود تو مجھے گدھابنا دیتے ان سے عرض کیا گیا وہ کیا ہیں فرمایا پناہ لیتا ہوں میں ﷲ کی عظمت والی ذات کی جس سے بڑی کوئی چیز نہیں اور ﷲ کے پورے کلموں کی جن سے کوئی نیک کار و بدکار آگے نہیں بڑھ سکتا اور ﷲ کے اچھے ناموں کی جو مجھے معلوم ہیں اور معلوم نہیں ان تمام کی شر سے جنہیں رب نے پیدا کیا پھیلایا اور ٹھیک کیا (مالک بحوالہ مرآت )
صاحب مرآت رحمت اللہ علیہ فرماتے ہیں 
قعقاع تابعی ہیں،کعب احبار یہود کے بڑے عالم تھے،انہوں نے حضور صلی اللہ علیہ و سلم کا زمانہ پایا مگر ملاقات نہ کرسکے،زمانہ فاروقی میں ایمان لائے لہذا دونوں حضرات تابعی ہیں۔(المرأة ج ٤ص ٩٥مكتبة المدينة)
ہر نماز کے بعد ایک مرتبہ یہ وظیفہ کر لیا جائے اور پھر پانی پر دم کر کے وہ پانی کھانے پینے میں استعمال کریں، اللہ کرم فرمائے گا۔
١/ سورۃ الفاتحہ ایک مرتبہ
٢/ آیت الکرسی ایک مرتبہ
٣/ سورۃ الاخلاص ایک مرتبہ
٤/ سورۃ الفلق ایک مرتبہ
٥/ سورۃ الناس ایک مرتبہ
٦/ سورۃ البقرۃ کی آیت نمبر 102 میں سے : وَمَا هُم بِضَآرِّينَ بِهِ مِنْ أَحَدٍ إِلاَّ بِإِذْنِ اللّهِ. تین مرتبہ
 ٧/ اول آخر تین تین مرتبہ درود وسلام پڑھ کر پانی دم کر کے استعمال کریں ان شاء اللہ نجات مل جائے گی۔
ترمذی میں ہے کہ آپ حضرات حسنین رضی اللہ عنہما کے لیے یہ دعا پڑھا کرتے تھے۔
أعوذ کما بکلمات اللہ التامّة من کل شیطان وہامة ومن کل عین لامة
 اسی طرح ہے أعوذ بکلمات اللہ التامات من غضبہ وعقابہ وشرّ عبادہ ومن ہمزات الشیاطین وأن یحضرون
 اسی طرح بعض بزرگوں سے یہ منقول ہے کہ اگر بچوں کو نظربد لگ جائے تو یہ آیات وَإنْ یَّکَادُ الَّذِیْنَ کَفَرُوْا لَیُزْلِقُوْنَکَ بِأبْصَارِہِمْ لَمَّا سَمِعُوا الذِّکْرَ وَیَقُوْلُوْنَ إنَّہ لَمَجْنُوْن وَمَا ہُوَ إلَّا ذِکْرٌ لِّلْعٰلَمِیْن۔
 پڑھ کر دم کردینے سے اس کا اثر زائل ہو جاتا ہے
والله ورسوله اعلم بالصواب
_________(❤️)_________ 
کتبہ :- فقیہ العصر حضرت علامہ مولانا مفتی محمد مجيب قادری صاحب قبلہ مدظلہ العالیٰ النورانی لهان ١٨خادم دارالافتاء البركاتي علماء فاونديشن شرعي سوال و جواب ضلع سرها نيبال
9/3/2022

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.

Top Post Ad

Below Post Ad

Ads Area