Type Here to Get Search Results !

مرشد گرامی حضور تاج الشریعہ قدس سرہ العزیز بعد وصال بھی اپنے مریدوں کی رہنمائی فرماتے ہیں

 
مرشد گرامی حضور تاج الشریعہ قدس سرہ العزیز بعد وصال بھی اپنے مریدوں کی رہنمائی فرماتے ہیں
ــــــــــــــــــــــ❣🌟❣ـــــــــــــــــــــ
الحمدللہ ثم الحمدللہ!
خدائے وحدہ لا شریک کا بےحد شکر و احسان ہے کہ ہمیں اس زمانہ میں سیدنا تاج الشریعہ بدر الطریقہ قدس سرہ العزیز کا دامن رحمت عطا فرمایا۔ حضور تاج الشریعہ کے مریدین کی تعداد کروڑوں میں ہے، آپ کا قول و فعل امت مسلمہ کے لیے مشعل راہ ہے، آپ جس طرح اپنی حیات میں ہماری رہنمائی فرماتے تھے، بعد وصال بھی آپ کا دریائے کرم جاری و ساری ہے اور آپ ہم غلاموں کی رہنمائی فرماتے ہیں۔
فقیر راقم الحروف حضور تاج الشریعہ قدس سرہ العزیز کے دامن کرم سے ۲۰۱۶ء میں وابستہ ہوا، کبھی حضور کی خدمت کرنے کا موقعہ میسر نہ آیا یہاں تک حضور داغِ مفارقت دے کر دنیا سے کوچ کر گئے۔ آپ کے انتقال پر ملال نے دنیائے سنیت کو اشکبار کر دیا۔ میرے دل میں مدتوں تک یہ خواہش تڑپتی رہی کہ حضور کی خدمت کرنے کی سعادت حاصل کروں، لیکن حضور کے وصال نے اس پر ایک ضرب کاری ماری کہ اس کی تڑپ اور بڑھ گئی۔ آخر کار ایک مرتبہ مرشدِ گرامی قدس سرہ العزیز فقیر کے خواب میں تشریف لائے اور حضور نے دست بوسی و قدم بوسی کا موقعہ عنایت فرمایا، کافی وقت تک حضور کی خدمت کرتا رہا، پھر حضور فرمانے لگے: میاں شعیب ! اب خوش ہو۔ فقیر کی آنکھیں اشک بار ہو گئیں۔ اثبات میں جواب دیا۔ حضور نے اپنا دست شفقت میرے سر پر رکھا اور فرمایا: اب اجازت دو ! مجھے ایک دوسری جگہ جانا ہے۔ فقیر نے دیدۂ پرنم کے ساتھ حضور کی قدم بوسی کی اور آپ نگاہوں کے سامنے سے اوجھل ہو گئے۔ اس کے بعد فورا آنکھ کھل گئی، دل کی دنیا بدل گئی، قلب فرحت و مسرت سے جھوم اٹھا۔
اس کے بعد متعدد مرتبہ حضور نے اپنے رخِ زیبا کی زیارت سے سرفراز فرمایا اور فقیر کو دعائیں دیں۔
گزشتہ شبِ جمعہ کو تقریبا ۱۲ بجے ماتھے کی آنکھیں سوئیں تو دل کی آنکھیں جاگ گئیں، قسمت کا ستارہ ثریا کی بلندی پر چمکنے لگا، کیا دیکھا مرشدِ گرامی حضور اپنے جلوۂ زیبا کے ساتھ مسند ارشاد پر تشریف فرما ہیں اور فقیر آپ کی بارگاہ میں قدم بوسی کے لیے حاضر ہے۔ قدم بوسی کے بعد حضور کی بارگاہ میں ادب سے بیٹھ گیا۔ آپ نے فقیر کو چند نصیحتیں فرمائیں جن میں اکثر میری ذات کے ساتھ وابستہ ہیں۔ آخر میں فرمایا : بیٹا ! ان تمام نصیحتوں کے ساتھ میری یہ نصیحت بھی اپنے ساتھ لازم پکڑو اور ہمیشہ اس پر عمل پیرا رہو۔ "مسلک اعلی حضرت کے پابند رہو، دشمنان اہل سنت سے دور رہو، جب تم کسی اختلاف میں پڑ جاؤ تو اعتدال کی راہ تلاش کرو، اگر اس پر قادر نہ ہو، تو اعلی حضرت، مفتی اعظم اور میری طرف رجوع لاؤ، ان شاء اللہ فلاح پا جاؤ گے"۔ اس کے بعد فقیر نے حضور کی بارگاہ میں شرف تلمذ کا عریضہ پیش کیا، حضور نے قبول کر لیا۔ حضور کی مسند ارشاد کے پاس ایک میز پر قدوری شریف رکھی تھی، فقیر نے بڑھ کر حضور کی بارگاہ میں پیش کی۔ آپ نے "کتاب الطھارۃ" کی ابتدائی عبارت "قال اللہ تعالی سے مسح علی الناصیۃ و خفیہ" تک کا درس دیا اور فقیر کو سعادت عظمی سے سرفراز فرمایا۔ اس کے بعد ایک دم سے چھینک آئی اور آنکھ کھل گئی تو خود کو اپنے بستر پر پایا۔
اس تفصیل کو ذکر کرنے کا مقصد حضور کی کرم نوازی اور تصرفات کو بیان کرنا ہے۔ الحمدللہ وہ ولی کامل تھے، اپنے وقت کے غوث اعظم تھے۔ اللہ عزوجل یوں ہی حضور کے فیوض و برکات کو ہم پر جاری رکھے اور تا دم حیات مسلکِ اعلی حضرت پر قائم و دائم فرمائے۔ 
آمین ثم آمین بجاہ النبی الکریم ﷺ
ــــــــــــــــــــــ❣🌟❣ـــــــــــــــــــــ
احقر العباد
محمد شعیب خان نجمیؔ رضوی لکھیم پوری

متعلم مرکز الدراسات الاسلامیہ جامعۃ الرضا بریلی شریف
۲۹ جمادی الآخر ۱۴۴۵ھ بمطابق ۱۲ جنوری ۲۰۲۴ء بروز جمعہ
6307364323

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.

Top Post Ad

Below Post Ad

Ads Area