Type Here to Get Search Results !

بیوہ بہو اور یتیم پوتیوں کو وراثت سے محروم رکھنا شرعا کیا حکم ہے؟

 (سوال نمبر 4866)
بیوہ بہو اور یتیم پوتیوں کو وراثت سے محروم رکھنا شرعا کیا حکم ہے؟
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان کرام اس مسئلے کے بارے میں کہ ایک عورت خوب عبادات و ریاضات کرتی ہے اور حقوق العباد کی ادائیگی نہیں کرتی مثلاً اپنی بیوہ بہو کو وراثت سے محروم رکھی ہے اور یتیم‌ بالغہ پوتیوں کو ان کے نان نفقہ اور نکاح نہ کرنے سے محروم رکھی ہے جب کہ ان بیوہ بہو اور یتیم پوتیوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے اللہ و رسول کے۔ سوا اس کے لیے شرع میں کیا حکم ہے ؟
مدلل جواب عنایت فرمائیں عین نوازش ہوگی۔
سائلہ:- روزی قادریہ رضویہ وسٹ بنگال انڈیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نحمده ونصلي علي رسوله الكريم
وعلیکم السلام ورحمة الله وبركاته
الجواب بعونه تعالي عز وجل
جو بھی اپنے بیوہ بہو اور مرحوم شوہر کی اولاد کو وراثت سے محروم رکھیں گے قیامت کے دن اس کی خیر نہیں ،چاہے جتنی عبادت کرلے قیامت کے دن حقوق العباد کے بابت حساب و کتاب کے بغیر کوئی گنجائش نہیں رہے مذکورہ صورت میں چاہئے کہ جو بھی شرعا بہو اور ان کی اولاد کا حق ہے جلد ادا کرے ۔
یاد رہے کہ شوہر مرحوم نے جتنا مال وجائیداد وغیرہ ترکہ میں چھوڑا ہے، اس سب میں شوہر کے فوت ہوجانے کے بعد اس کی بیوہ کا حصہ ہوگا، اگر شوہر کی کوئی اولاد لڑکا یا لڑکی موجود ہو تو کل ترکے میں سے بیوہ کا آٹھواں حصہ شرعاً مقر رہے، اور اگر مرحوم کی کوئی اولاد نہ ہو تو پھر ایسی صورت میں مرحوم کی بیوہ کو کل مال وجائیداد سے ایک چوتھائی حصہ ملے گا۔
اسے شرعی مسئلہ بتایا جائے پھر برادری کو جمع کر کے بیوہ بیوی اور یتیم بچے اپنا حق طلب کرے اگر دے فبہا ورنہ سرکاری کاروائی کرے۔
احادیثِ مبارکہ میں اس پر بڑی وعیدیں وارد ہوئی ہیں، حضرت سعید بن زید رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جو شخص ( کسی کی ) بالشت بھر زمین بھی ظلماً لے گا، قیامت کے دن ساتوں زمینوں میں سے اتنی ہی زمین اس کے گلے میں طوق کے طور پر ڈالی جائے گی۔
دوسری حدیثِ مبارکہ میں ہے، حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جو شخص اپنے وارث کی میراث کاٹے گا، (یعنی اس کا حصہ نہیں دے گا) تو اللہ تعالیٰ قیامت کے دن اس کی جنت کی میراث کاٹ لے گا۔
مشکوٰۃ المصابیح میں ہے 
عن سعید بن زید رضی ﷲ عنہ قال قال رسول ﷲ ﷺ من اخذ شبراً من الارض ظلماً فانہ یطوقہ‘ یوم القیامۃ من سبع ارضین متفق علیہ۔
(مشکوٰۃ المصابیح:(باب الغصب و العاریة، ص: 254)
و فیها ایضاً 
عن انس قال قال رسول ﷲ ﷺمن قطع میراث وارثہ قطع ﷲ میراثہ من الجنۃ یوم القیمۃ (ص: 266)
اسلام وہ واحد مذہب ہےجس نے نہ صرف حقوق العباد کی اہمیت پر زور دیا بلکہ ان کی ادائیگی نہ کرنے والے کودنیوی و اُخروی طور پر نقصان اور سزا کا مستحق بھی قرار دیا ۔حقوق العباد کو جس قدر تفصیل و تاکید سے اسلام نے بیان کیا ہے، یہ اسی کا خاصہ ہے۔ان حقوق میں والدین، اولاد،زوجین یعنی میاں بیوی، رشتہ دار،یتیم، مسکین، مسافر، ہمسایہ، سیٹھ، نوکر اور قیدی وغیرہ کےانفرادی حقوق کے ساتھ دیگر اجتماعی و معاشرتی حقوق کا وسیع تصور بھی شامل ہے۔حُقُوق العباد کا معنیٰ و مفہوم:حقوق جمع ہے حق کی، جس کے معنیٰ ہیں:فردیا جماعت کا ضروری حصہ۔
(المعجم الوسیط:188)
 جبکہ حقوقُ العباد کا مطلب یہ ہوگاکہ وہ تمام کام جوبندوں کو ایک دوسرے کے لئے کرنے ضروری ہیں۔ان کا تعلق چونکہ بندے سے ہے اسی لئے ان کی حق تلفی کی صورت میں اللہ عَزَّوَجَلَّ نے یہی ضابطہ مقرر فرمایا ہے کہ جب تک وہ بندہ معاف نہ کرے معاف نہ ہوں گے۔
(فتاویٰ رضویہ،ج 24 ،ص459 تا 460 ملخصاً)
حقوق العباد کی اہمیت
 حقوق اللہ کے ساتھ ساتھ حقوقُ العباد کی ادائیگی درحقیقت راہِ نجات ہے۔اللہ عَزَّوَجَلَّ نے کئی مقامات پر حقوق العباد کی ادائیگی کا حکم فرمایا ہے
ایک جگہ فرمایا (وَ اٰتِ ذَا الْقُرْبٰى حَقَّهٗ وَ الْمِسْكِیْنَ وَ ابْنَ السَّبِیْلِ) (پ15،بنی اسرائیل 26)
 ترجمۂ کنزالایمان
اور رشتہ داروں کو ان کا حق دے اورمسکین اور مسافر کو۔
حقوق العباد ادا کرنا اللہ عَزَّوَجَلَّ کے نیک اور صالح بندوں کی صفت ہے۔کامل مسلمان ہمیشہ دوسروں کے حقوق دبانے یا انہیں تلف کرنے سے بچتا ہے۔
تاجدارِ مدینہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کافرمان ہے: مسلمان کی سب چیزیں (دوسرے) مسلمان پرحرام ہیں، اس کا مال،اس کی آبرو اور اس کا خُون۔
(ابوداؤد،ج 4،ص354،حدیث:4882)
والله ورسوله اعلم بالصواب
_________(❤️)_________ 
کتبہ :- فقیہ العصر حضرت علامہ مولانا مفتی محمد مجيب قادری صاحب قبلہ مدظلہ العالیٰ النورانی لهان ١٨خادم دارالافتاء البركاتي علماء فاونديشن شرعي سوال و جواب ضلع سرها نيبال
02/11/2023

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.

Top Post Ad

Below Post Ad

Ads Area