(سوال نمبر 4021)
دودھ پلانے کی وجہ سے کون کون محرم ہوں گے؟
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
السلام علیکم ورحمتہ اللہ و برکاتہ
کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین مسئلہ ذیل کے بارے میں کہ
ایک شخص کی بھانجی نے کسی بچی کو دودھ پلایا تو کیا وہ بچی بھی اس شخص کیلئے بھانجی کی طرح محرم ہو گئی یا نہیں؟ اور کیا کسی شخص کی بھابھی نے کسی بچی کو دودھ پلایا تو کیا وہ بچی اس شخص کیلئے محرم ہوگی کہ نہیں ؟ بینوا توجروا
سائل:-محمد شبیرعلی ۔لاہور پاکستان
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نحمده و نصلي على رسوله الكريم
وعلیکم السلام ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
الجواب بعونہ تعالیٰ عزوجل
جس نے دودھ پلائی اس کا بھائی اور پینے والی آپس میں ماما بھانجھی ہوں گے ۔
زید کی بھانجی نے ہندہ کو دودھ پلائی تو ہندہ زید کے لئے نہ بھانجی ہے نہ محرم ہے ۔
زید کی بھابھی نے ہندہ کو دودھ پلائی تو زید اور ہندہ محرم نہیں غیر محرم ہی ہے ۔
مندرجہ ذیل افراد آپس میں محرم ہوں گے ۔
جو رشتے نسب کے سبب حرمت والے قرار پاتے ہیں وہ رضاعت (دودھ پینے) کی وجہ سے بھی محرم بن جاتے ہیں رضاعی ماں، رضاعی بیٹی، رضاعی بہن، رضاعی پھوپھی ، رضاعی خالہ، رضاعی بھتیجی اور رضاعی بھانجی سے بھی نکاح نہیں ہوسکتا ہے بشرطیکہ دودھ چھڑانے کی مدت (اڑھائی سال) سے پہلے دودھ پلایا گیا ہو۔(کتب فقہ عامہ)
یاد رہے کہ دودھ پلانے والی عورت کے شوہر کا بھائی اس کا چچا ہے اور اس کی بہن اس کی پھوپھی ہے اور اس کا بھائی اس کا ماموں ہے اور اس کی بہن اس کی خالہ ہے اسی طرح دادا اور دادی کا حکم ہے (تفسیر تبیان القران)
بہا شریعت میں ہے
بچہ نے جس عورت کا دودھ پیا وہ اس بچہ کی ماں ہو جائے گی اور اس کا شوہر (جس کا یہ دودھ ہے یعنی اُس کی وطی سے بچہ پیدا ہوا جس سے عورت کو دودھ اترا) اس دودھ پینے والے بچہ کا باپ ہو جائے گا اور اس عورت کی تمام اولادیں اس کے بھائی بہن خواہ اسی شوہر سے ہوں یا دوسرے شوہر سے اس کے دودھ پینے سے پہلے کی ہیں یا بعد کی یا ساتھ کی اور عورت کے بھائی ماموں اور اس کی بہن خالہ۔ یوہیں اس شوہرکی اولادیں اس کے بھائی بہن اور اُس کے بھائی اس کے چچا اور اُس کی بہنیں اس کی پھوپیاں خواہ شوہر کی یہ اولادیں اسی عورت سے ہوں یا دوسری سے۔یوہیں ہر ایک کے باپ ،ماں اس کے دادا دادی، نانا ،نانی (بہار شریعت ح ٧ ص ٣٩ مكتبة المدينة)
والله ورسوله اعلم بالصواب
کتبہ :- حضرت علامہ مولانا مفتی محمد مجيب قادری صاحب قبلہ مدظلہ العالیٰ النورانی لہان 18خادم دار الافتاء البرکاتی علماء فاونڈیشن ضلع سرہا نیپال
11/07/2023